قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں: آرمی چیف

حکومت کی معیشت بحالی کی حکمت عملی کوہرممکن معاونت فراہم کی جائےگی: کورکمانڈر کانفرنس کے شرکاء کا عزم

Jul 17, 2023 | 19:11:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکاء کو ملکی سلامتی سے متعلق موجودہ صورت حال بارے بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت پاک آرمی کی کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، فورم نے دہشت گردی کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، شرکاء کو ملک کی موجودہ داخلی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز خٹک کی پارٹی میں کس کس نے شمولیت اختیار کی؟ بڑے نام سامنے آگئے

شرکاء کو داخلی سلامتی کے موجودہ ماحول کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس کے دیگر گروہوں کے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سلامتی کو متاثر کرنے والی بڑی وجوہات کے طور پر نوٹ کیا گیا، فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے دائرہ کار میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی، معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بند حکمت عملی کے اقدامات کو پاکستانی عوام کی مجموعی بھلائی کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ”تحریک انصاف ہی میری پہلی اور آخری پارٹی ہے“ اہم رہنما کی پرویز خٹک کی پارٹی میں شمولیت کی تردید

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پڑوسی ملک میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں، میسر آزادی، جدید ہتھیاروں تک رسائی پاکستان کی سیکیورٹی متاثر ہونے کی بڑی وجہ ہے۔