ضمنی انتخاب : ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرڈپٹی سپیکر کو جرمانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری پر جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ای سی پی ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر (سیالکوٹ) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قاسم سوری پر 30 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔خیال رہے کہ 11 فروری کو ڈپٹی سپییکر کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ انہیں این اے 75 میں ضمنی انتخاب کے لئے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کے ساتھ ڈسکہ شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے اور الیکشن کے لئے مہم چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ اس میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 21 دسمبر 2020 کو کہا تھا کہ صدر، وزیراعظم، چیئرمین/ڈپٹی چیئرمین سینٹ، اسپیکر/ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، کسی بھی اسمبلی کے منتخب ارکان، وفاقی و صوبائی کابینہ کے اراکین، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، میئرز/ چیئرمین بلدیاتی حکومتوں اور/ یا ان کے ڈپٹیز اور دیگر عوامی عہدہ رکھنے والے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔
علاوہ ازیں ڈی ایم او ابرار احمد نے ایم پی ایز عادل بخش چٹھہ، حنا پرویز بٹ اور مرزا محمد جاوید، ایم این ایز خرم دستگیرز، ڈاکٹر ناصر احمد چیما اور مریم اورنگزیب کو بھی 15 فروری کو حلقے میں سیاسی ریلی نکالنے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کردیے۔ان تمام لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ 2 دن میں اپنے جواب جمع کروائیں یا یہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے ای سی پی کے پاس بھیج دیا جائے گا۔