پھر بارشوں کی پیشگوئی۔۔ روزے ٹھنڈے گزریں گے !!!

Apr 17, 2021 | 11:12:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آج گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔

 میٹ آفس کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج بروز ہفتہ صبح سے ہی موسم ابر آلود ہے۔ ادارے کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل چھائے رہیں گے۔اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ چترال ، مالاکنڈ، بونیر ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان میں بھی گرج چمک کیساتھ بادل برسیں گے۔ پوٹھو ہار ریجن ، گوجرانوالہ، لیہ، ملتان ڈیرہ غازی خان میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔دوسری جانب آج سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 

واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جمعہ سے جاری ہے۔ میانوالی اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے باعث متعدد فيڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ فیصل آباد اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شکرگڑھ اور کامونکی میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ رحیم یارخان میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کے باعث متعدد درخت گرگئے۔