آپریشن "بنیان مرصوص" کی کامیابی پر ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

May 16, 2025 | 18:37:PM
آپریشن
کیپشن: تصویر،ویڈیو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)بھارت کے خلاف آپریشن بنیانُ مرصوص (معرکۂ حق) کی کامیابی پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔

لاہور میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے  یوم تشکر پر پاکستان رینجرز (پنجاب) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا،  ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے  یادگار شہداء پر حاضری دی، یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء  کی درجات کی بلندی کے لیے دعاکی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے  شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں، محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے مسائل حل کرنا ہماری  ذمہ داری ہے، شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، پوری قوم شہداء کے خاندانوں کو سلیوٹ کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہداء کی  قربانیوں کی کوئی نظیر  نہیں ملتی،پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان رینجرز پنجاب کے افسران اور جوانوں نے جرات اور دلیری کی  تاریخ لکھی ہے، قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔ 

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاکستان رینجرز (پنجاب) کی پیشہ وارانہ کارکردگی اور عزم و حوصلہ کو سراہا، آپریشن بنیانُ مرصوص (معرکۂ حق) کی کامیابی پر غذر میں لالک جان شہید نشان حیدر کے مزار پر پُروقار تقریب ہوئی، وادی شہداء ضلع غذر میں یومِ تشکر جذبۂ حب الوطنی اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔

تقریبات کا آغاز لالک جان شہید نشانِ حیدر کے مزار پر ہوا جہاں پھول چڑھائے گئے، سلامی دی گئی اور دعا کی گئی، شہریوں نے ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی، شرکاء نے پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، وطن کے دفاع اور امن کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا عزم دہرایا۔

اس موقع پر شہدا کے لواحقین نے موقف اپنایا کہ بھارت جان چکا ہے کہ اُس نے کس قوم کو للکارا ہے اب  وہ ایسی حرکت دوبارہ نہیں کرے گا، ہم اپنی افواج کے ساتھ ہیں، ضرورت پڑی تو جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

شہداء کے لواحقین نے کہا کہ پاک فوج وہ قوت ہے جو دشمن کو اُس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے، آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی پر گورنر خیبرپختونخوا کی یادگار شہداء پشاور میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے آمد ،

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کے ہمراہ یادگارِ شہداء پشاور پر حاضری، گورنر خیبر پختونخوا نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، گورنر خیبر پختونخوا نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

راولپنڈی بورڈ میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کا کردار لائقِ تحسین ہے۔

راولپنڈی تعلیمی بورڈ میں ریلی اور تقریب کے دوران افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی، افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے، انھوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان دنیا کی عظیم افواج میں شمار ہوتی ہیں۔

جنرل آفیسر کمانڈنگ سرگودھا میجر جنرل جولین کی آپریشن بنیان المرصوص میں شہید ہونے والے چیف ٹیک محمد اورنگزیب کے گھر آمد، جنرل آفیسر کمانڈنگ نے شہید کی بلند درجات کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کی، اس موقع پر شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ آج یوم تشکر کا دن ہے اور ہم انڈیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ڈرنے والے نہیں۔

آپریشن بنیانُ مرصوص (معرکۂ حق) کی کامیابی پر شگر میں پُروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، ملک بھر کی طرح شگر میں بھی یومِ تشکر جوش و خروش اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔دن کا آغاز یادگارِ شہداء پر پرچم کشائی سے ہوا، جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، پھول چڑھائے اور شہداء کی بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پرشگرکے شہریوں نے ایک ریلی اور پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے جذبے اور یکجہتی کے ساتھ شرکت کی۔تقریب میں آپریشن بنیانُ المرصوص کی تاریخی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :سٹیٹ بینک نے پین کی تحریر والے کرنسی نوٹوں سے متعلق خبروں پر وضاحت جاری کردی