عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں مستحکم رہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے ابتدائی امن معاہدے کی مزید تفصیلات کے انتظار میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں منگل کو مستحکم رہیں، جبکہ گزشتہ روز قیمتیں ایک ہفتے سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4315.87 ڈالر فی اونس رہی، پیر کے روز سونے کی قیمت میں 3.6 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ 5 جون کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب اگست میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 4337.10 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتے رہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان خلیجی خطے میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، تاہم معاہدے کی تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئیں اور دونوں ممالک نے مستقل جنگ بندی کے لیے مزید مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول سستا ہو گیا!
مارکیٹ تجزیہ کار ایڈورڈ میئر کے مطابق ایران سے متعلق خبروں کے بعد گزشتہ ہفتے کے آخر سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور امکان ہے کہ جمعے کو متوقع دستخطی تقریب تک اس رجحان میں مزید تیزی برقرار رہ سکتی ہے۔
ادھر سرمایہ کاروں کی نظریں جاپان کے مرکزی بینک اور امریکی فیڈرل ریزرو کے پالیسی فیصلوں پر بھی مرکوز ہیں، توقع کی جا رہی ہے کہ فیڈرل ریزرو شرح سود میں فوری تبدیلی نہیں کرے گا، تاہم چیئرمین کیون وارش کے بیانات مارکیٹ کی سمت کا تعین کر سکتے ہیں۔