گال ٹیسٹ کا پہلا روز باؤلرز کے نام، سری لنکا 222 رنز پر ڈھیر، پاکستان کی بیٹنگ جاری

Jul 16, 2022 | 11:09:AM
پہلا ٹیسٹ, سری لنکا, پاکستان, بیٹنگ, کپتان
کیپشن: سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو، گوگل سورس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے آئی لینڈرز بیٹرز ریت کی دیوار ثابت ہوئے، سری لنکا پہلی اننگز میں دو سو بائیس رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شاہین آفریدی کی عمدہ لائن و لینتھ، حسن علی کی گھومتی گیندیں اور یاسر شاہ کی اسپن جادوگری کے سامنے سری لنکا بے بس نظر آئی اور گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جس کے جواب میں پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے ہیں۔ پہلے دن کے اختتام پر اظہر علی اور بابراعظم کریز پر موجود ہیں جبکہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق اور امام الحق شامل ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اوشادا فرنینڈو نے 35 رنز بنائے، کوشا ل مینڈس 21 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار بیٹھے، اس کے علاوہ کوئی بھی آئی لینڈرز بیٹر پاکستان کی مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹہر سکا۔ 

سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 1، اینجلو میتھیوز صفر، دھننجایا ڈی سلوا 14 اور نروشن ڈکویلا 4، رمیش مینڈس 11 اور پربت جے سوریا 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مہیش تھیکشنا تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ،یاسر شاہ اور حسن علی نے دو، دو جبکہ محمد نواز اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے کوشش ہوگی پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل لگائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کیلئے آل راؤنڈر سلمان علی آغا ڈیبیو کررہے ہیں جبکہ محمد نواز اور یاسر شاہ قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

 پاکستان کا اسکواڈ

 کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

 کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، اوشادا فرنینڈو، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دھننجایا ڈی سلوا، دنیش چندیمل، نروشن ڈکویلا، رمیش مینڈس، مہیش تھیکشنا، پربت جے سوریا اور کسن راجیتھا شامل ہیں۔

 دوسری جانب سلمان علی آغا نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے ٹیسٹ کیپ حاصل کی، کرکٹر کو مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔