چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی سے جرمن سفیر کی ملاقات۔عالمی امور پر تبادلہ خیال

Aug 16, 2021 | 22:15:PM
چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی سے جرمن سفیر کی ملاقات۔عالمی امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز ) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹےفن شلیگ ہیگ نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سالک حسین، فرسٹ سیکرٹری کرسچن بوچر ، ڈاکٹر خالد رحمن، رانا خالد اور جاوےد چٹھہ بھی موجود تھے۔
 ملاقات کے موقع پرباہمی دلچسپی کے امور، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت بین الاقوامی خصوصاً افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان پرامن افغانستان کے حق میں ہے، اگر افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان سمیت پورے خطے میں امن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی سفارتی کوششیں دونوں ممالک کو پہلے سے زیادہ قریب لائیں گی، جرمنی اور پاکستان کے تعلقات شروع سے ہی دوستانہ رہے ہیں، پاکستانی حکومت اپنی معیشت کو مضبوط کرنے اور دیگر ممالک کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرنے سمیت سیاحت اور اپنے لوگوں کو معیاری تعلیمی و طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے باہمی، دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، یورپی یونین میں جرمنی سب سے بڑی معیشت کا درجہ رکھتا ہے، جرمن مشینری نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مزیدبڑھنا چاہتا ہے، پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت 1957ءمیں طے پانے والے تجارتی معاہدے کے مطابق کی جاتی ہے۔ 
اس موقع پرچودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر پر سول اور عسکری قیادت اور پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ان دنوں عروج پر ہیں، امید ہے کہ جرمنی مسئلہ کشمیر کے حل سمیت خطے میں امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔
 جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹےفن شلیگ ہیگ نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا پرتباک استقبال کرنے پر شکرےہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، پاکستان خطے کا بڑااہم اور ذمہ دار ملک ہے، خطہ میں قیام امن کےلئے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ادو یات کی قیمتوں میں پھر اضافہ۔مریضوں کومشکلات