متعدد سول و پولیس افسران کے تقرر و تبادلوں اور ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت کی جانب سے متعدد سول و پولیس افسران کے تقرر و تبادلوں اور ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کئے ہیں، اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق ممبر، وزیراعظم معائنہ کمیشن شاہد ندیم کی تقرری کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے، جس کا اطلاق 21 دسمبر 2025 سے ہو گا۔
دوسری جانب تقرری کے منتظر پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 کے افسر ڈاکٹر محمد اطہر وحید کی خدمات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ پولیس سروس گریڈ 21 کے ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کی ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، انعام غنی 26 اپریل 2026 کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
دریں اثناء پنجاب حکومت میں تعینات پولیس سروس کی گریڈ 17 کی اے ایس پی سارہ علی ہاشمی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے محمد سلیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا لیگل ایڈوائزر مقرر کیا ہے، محمد سلیم کی تقرری 3 سال کے کنٹریکٹ پر ایم پی ون سکیل میں کی گئی ہے، مزید تقرریوں اور تبادلوں کے تحت جابر خان کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت 3 سال کیلئے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی تعینات کیا گیا ہے، خزانہ ڈویژن میں بھی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں جہاں وجیہہ بشیر کو ڈپٹی سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی سیکریٹری میاں عثمان علی شاہ کی خدمات انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سپرد کی گئی ہیں۔
مزید برآں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سیکشن افسر حفصہ بنت بلال کو بیرون ملک سکالر شپ پر روانگی کے باعث او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، مزید برآں، سیکشن افسر رانا فہد جاوید کی دفاع ڈویژن میں تعیناتی کی مدت میں مزید 2 سال کی توسیع کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:واپڈا اور پاور کمپنیوں کے ملازمین کیلئے بری خبر، عدالت کے فری بجلی یونٹس کیس میں اہم ریمارکس