نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حلف اُٹھا لیا

Oct 15, 2025 | 17:23:PM
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حلف اُٹھا لیا
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 ںیوز)سہیل آفریدی نے بطور 30 ویں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے حلف لیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی حلف برداری تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی کے رہنما اور دیگر حکام شریک تھے۔حلف برداری تقریب میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اس دوران نعرے بازی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔

یاد رہے کہ محمد سہیل آفریدی حلقہ پی کے 70 خیبر 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔وہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بھی بنائے گئے تھے اور اس سے قبل وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سی اینڈ ڈبلیو بھی رہ چکے ہیں۔

سہیل آفریدی نے سیاسی سفر کا آغاز انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن سے کیا تھا، وہ صوبائی صدر بھی رہے اور بعد ازاں انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر بنے، انہوں نے جامعہ پشاور سے اکنامکس میں بی ایس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

گزشتہ دونوں پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے دن 4 بجے حلف لیں۔ 

عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن سپیکر نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے حلف لیں۔

گزشتہ روز کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور جانے اور عدالتی حکم پر عمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی نے کابینہ منتخب کرنے کا مکمل اختیار سہیل آفریدی کو دے دیا ہے۔ سہیل آفریدی منتخب نمائندوں یا ٹکٹ ہولڈرز میں سے کابینہ تشکیل دیں گے۔ 

یاد رہے کہ دو روز قبل محمد سہیل آفریدی خبیر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے جبکہ اپوزیشن نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا تھا۔ جس میں سہیل آفریدی کو 90 اراکین صوبائی اسمبلی نے منتخب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :خواجہ سعد رفیق کی شیر افضل مروت سے متعلق پیشگوئی درست ثابت