اسرائیلی وزیراعظم ایرانی حملے میں ہلاک نہیں ہوئے ؛ حکومت کا بیان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بینجمن نیتن یاہو زندہ ہیں، ان کے قتل کی خبر افواہ ہے۔
نیتن یاہو کے ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے کی غیر مصدقہ خبریں زیر گردش ہیں،سوشل میڈیا پر اطلاعات سامنے آنے لگی تھیں کہ 12 مارچ کو اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کے سپریم لیڈر کو دھمکیوں سے بھرا ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کے ہاتھوں میں بظاہر چھ انگلیاں نظر آئیں۔
لوگوں نے اس ویڈیو کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنائی گئی ویڈیو قرار دیا جس کے بعد بنجمن نیتن یاہو کے مارے جانے کی افواہوں میں تیزی آگئی۔
ان افواہوں کے ردعمل میں نیتن یاہو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک کافی شاپ میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے اپنے ہاتھ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ’یہ دیکھیں، میری چھ نہیں بلکہ پانچ انگلیاں ہیں‘، اور اس طرح سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کو مسترد کیا۔
אומרים שאני מה? צפו >> pic.twitter.com/ijHPkM3ZHZ
— Benjamin Netanyahu - בנימין נתניהו (@netanyahu) March 15, 2026
جاری کردہ ویڈیو میں پس منظر میں کافی شاپ کا ماحول بھی دیکھا جا سکتا ہے جہاں لوگ معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ویڈیو کے ذریعے انہوں نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ وہ خیریت سے موجود ہیں۔
گزشتہ روز اسرائیل کی سیکیورٹی میٹنگ اور اس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بھی اسرائیلی وزیر اعظم نظر نہیں آئے جس پر افواہوں نے مزید زور پکڑ لیا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنائی گئی مزید تصاویر اور ویڈیوز بھی سامنے آنے لگیں تاہم آج اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان نے تمام افواہوں کو غلط قرار دے دیا۔
دوسری جانب ایران کے پاس دارانِ انقلاب نے اسرائیلی وزیر اعظم کا تعاقب جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بچوں کا قاتل زندہ ہے تو وہ پوری قوت سے اس کا تعاقب کریں گے اور مارنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔