راولاکوٹ : کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشاریوں کی فائرنگ، رینجر اہلکار شہید،ایک زخمی

Jul 14, 2026 | 14:14:PM
راولاکوٹ : کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشاریوں کی فائرنگ، رینجر اہلکار شہید،ایک زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)آزاد کشمیر کے شہر راولا کوٹ کے نیو بس اسٹینڈ پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشاریوں نے اندھا دھند فائرنگ  کردی جس کے نتیجے میں  ایک رینجر اہلکار شہید جبکہ  ایک زخمی ہوگیا ۔

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے پچھلے ہفتوں میں عوام کو اپنے پرتشدد ایجنڈے پر اکٹھا کرنے میں ناکام ہونے کے بعدآج 14 جولائی کو صبح سویرے مسلح انتشار پسندوں نے نیو بس ٹرمینل کے قریب سول علاقوں میں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تاکہ پولیس اور سیکورٹی اداروں کو مورد الزام ٹھہرایا جاسکے لیکن جگہ جگہ فضائی نگرانی نے ان کے مذموم مقاصد کی نشاندہی کردی جیسا کہ کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ان ویڈیو کلپس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس آگے پیش قدمی کرتی ہے جس پر مسلح انتشار پسندوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے بعد رینجرز ان کی مدد کے لیے آگے بڑھی ، فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشار پسندوں نے پولیس ، اے پی سی اور علاقے میں دھماکہ خیز اور بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔

14 جولائی کا واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ راولاکوٹ اور اس کے گردونواح میں مسلح عناصر موجود ہیں، جنہوں نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی ہے اور مقامی لوگوں کو دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی  کاجدید اسلحے اور بارودی مواد کا استعمال باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پھیلائی گئی دہشتگردی ہے،سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں اس حقیقت کی غماز ہیں کہ ریاستی رٹ کا ہر حال میں قیام اور تحفظ ناگزیر ہے۔

ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث مسلح جتھوں کے خلاف  فوری، سخت اور بلا امتیاز قانونی کاروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔