پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

May 12, 2024 | 09:50:AM
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)دنیا کی سب سے بڑی نعمت ماں ہے، ماں کے سوا دل کو کوئی دلاسہ نہیں دیتا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 1911ء میں امریکا کی ایک ریاست میں پہلی بار ماؤں کا عالمی دن منایا گیا، ہر سال ماؤں کاعالمی دن منانے کیلئے مختلف ممالک میں ایک ہی دن مختص نہیں ہے، پاکستان اور اٹلی سمیت مختلف ممالک میں یہ دن مئی کے دوسرے اتوار منایا جاتا ہے۔

یوں تو ہر دن ماں کا دن ہے لیکن خاص طور پر اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ماؤں کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، ہر ماں قابل تحسین ہے لیکن کچھ مائیں ایسی بھی ہیں جو مشکلات کو چیلنج سمجھ کے قبول کرتی ہیں اور اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کی خاطر گھروں کی ذمہ داری ہی نہیں سنبھالتیں بلکہ بچوں کے باپ کے شانہ بشانہ محنت کرتی ہیں۔

تمام مخالفتوں اور چیلنجز کے باوجود ایک ماں اپنے بچوں کو بہترین زندگی دینے کیلئے مشکلات اٹھانے کیلئے ہر دم تیار رہتی ہے، ماں کا دل تو بچوں کیلئے دھڑکتا ہے، بچوں کے ساتھ رہنا اولین ترجیح ہے لیکن ان کے بہتر مستقبل کیلئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں بدترین حالات، ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن یاسین قریشی تبدیل

دنیا کا ہر رشتہ انسان کا ساتھ چھوڑ دے تب بھی ماں آخری دم تک اپنی اولاد کی فکر نہیں چھوڑتی، یہ ایک واحد انسانی رشتہ ہے جو بالکل بے غرض ہے لیکن وقت کی ستم ظریفی ہے کہ پاکستان میں اولڈ ہومز بنے اور اب بھرتے ہی جا رہے ہیں، اپنے بچوں کو پالنے کیلئے ہر دکھ سہنے والی مائیں اولڈ ہومز میں کرب سے گزر رہی ہیں۔

ماں کے عالمی دن کے موقع پر   وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا  کہنا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت کسی مخصوص دن سے بالاتر ہے۔ دنیا میں سب سے خوبصورت اور میٹھا لفظ ماں ہے , پیار, خلوص اور شفقت جیسے سچے جذبوں میں گوندھے ہوئے اس پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ماں کی گود میں سر رکھ کر باتیں کرنے اور سونے میں جو سکون ملتا ہے، وہ دنیا کے قیمتی ترین بستر پر بھی نصیب نہیں ہو سکتا،اللہ تعالٰی نے مجھے ماں کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچایا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  والدہ مرحومہ کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس کرتا ہوں اور ان کی خوبصورت یادیں اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ ہیں،انہوں نے کہا کہ  میں تمام ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کرتاہوں،وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کی ماؤں کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں،دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر ماں کو سلامت رکھے۔