وزیرِ اعظم شہباز شریف یو اے ای کا دورے مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ سرکاری دورے مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے.
ابو ظہبی کے البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے بھائی چارے پر مبنی تعلقات، جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر استوار ہیں، کو اجاگر کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔