گریڈ19میں ترقی کیلئے ٹاپ ٹین افسران میں سے 3 معطل ،2 کو شوکاز نوٹس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت نے سول و پولیس افسران کی گریڈ 19 میں ترقی کیلئے 13 فروری (بروز جمعہ) شیڈول ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کے اجلاس سے ایک دن قبل غیر معمولی طور پر ترقی کیلئے پینل کے ٹاپ ٹین افسران میں سے 3 افسر معطل کرنے اور 2 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
24 نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ترقی کیلئے پینل میں ٹاپ پر موجود پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 18 کے 5 افسران کے خلاف بورڈ اجلاس سے محض ایک دن قبل افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے، گریڈ 19 میں ترقی پانا تو درکنار، افسران کیلئے ملازمت بچانا محال ہو گیا.
24 نیوز کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ترقی کیلئے ٹاپ پوزیشنز پر موجود 3 افسران کو 120 روز کیلئے معطل کر دیا گیا ہے جبکہ 2 افسران کو برطرفی سمیت بڑی سزاؤں کے امکان کے ساتھ شوکاز نوٹس جاری کر دیئےگئے ہیں، دستاویزات کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کے خیبر پختونخوا حکومت میں تعینات وقار علی، سندھ حکومت میں تعینات فیاض عالم سولنگی اور پنجاب حکومت میں تعینات فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عمران علی سلطان شامل ہیں، تینوں افسران بدستور متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ڈسپوزل پر رہیں گے، انہیں معطلی کے ساتھ شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں اور 10 روز کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، مقررہ مدت میں جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق 28ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے وقار علی ترقی کے پینل میں دوسرے نمبر پر تھے، 35ویں سی ٹی پی کے فیاض عالم سولنگی آٹھویں جبکہ 36ویں سی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عمران علی سلطان نویں نمبر پر موجود تھے، مزید برآں، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 18 کے 2 افسران ڈاکٹر عدنان ظفر خان اور عمر اسد کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، ان افسران کو برطرفی سمیت بڑی سزاؤں کا سامنا ہو سکتا ہے، دستاویزات کے مطابق متعلقہ افسران پر پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹس اور اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے، غیر حاضری اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، واضح رہے کہ ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 13 فروری کو منعقد ہونا ہے جس میں گریڈ 19 میں ترقیوں کے معاملات زیر غور آئیں گے، اجلاس سے قبل ترقی کے پینل میں شامل افسران کے خلاف کارروائی کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔