کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک اور انٹرامتحانات، تاریخ سامنے آگئی

Feb 12, 2026 | 15:53:PM
کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک اور انٹرامتحانات، تاریخ سامنے آگئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک اور انٹرامتحانات کی تاریخ سامنے آگئی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات 31 مارچ سے لیے جائیں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز 15 اپریل سے ہوگا۔
اس بات کی منظوری جمعرات کی دوپہر محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں دی گئی جو وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات عید کے بعد 31 مارچ سے شروع ہوں  گے جبکہ مزید 15 روز کے وقفے کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے۔
اجلاس میں نیا تعلیمی سیشن 2026/27 یکم اپریل سے شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک کے نتائج یکم جون جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 15 جون تک جاری کر دیے جائیں۔
سندھ میں متعارف کروائے گئے یونیفارم ایگزامینیشن سلیبس پر عملدرآمد فی الحال روک دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں اور دسویں جماعتوں میں یونیفارم ایگزامینیشن سلیبس آئندہ برس 2027 کے سالانہ امتحانات سے لاگو ہوگا۔
اجلاس میں موسم گرما اور سرما کی تعطیلات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہو سکی اور فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی جبکہ موسم سرما کی 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہی ہوں گی ،تاہم اگر موسم سرما کی تعطیلات میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوئی تو اس کے لیے اپریل میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا مزید ایک اور اجلاس کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:معروف نعت خواں تابندہ لاری انتقال کر گئیں
اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات میں تبدیلی پر بات شروع ہوئی تو کیمبرج سکول کے نمائندوں نے اس مجوزہ تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری چھٹیاں باہرکی دنیاکے ساتھ ہوتی ہیں لہٰذا اسے تبدیل نہ کیا جائے، اس نکتے کے بعد اس بحث کو ختم کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق کراچی سمیت پورے سندھ میں موسم سرما کی شدت جنوری میں ہوتی ہے اور اسی وجہ سے اس بار محکمہ تعلیم کو سکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کرنے پڑے تھے۔