خوشخبری!وزیر تعلیم پنجاب کانوجوانوں کو ہزاروں ڈالر  کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرانے کا اعلان 

Aug 12, 2026 | 14:17:PM
خوشخبری!وزیر تعلیم پنجاب کانوجوانوں کو ہزاروں ڈالر  کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرانے کا اعلان 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نوجوانوں کو ہزاروں ڈالر مالیت کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کروانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے تعلیمی معاونت کا بڑا اعلان کرتے ہوئے 500 طلبہ میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی اسکالرشپس تقسیم کردیں۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، جس میں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے شرکت کی اور جی بی کے نوجوانوں میں اسکالرشپس تقسیم کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کی صورت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تحفہ لے کر آیا ہوں، پنجاب کے تعلیمی وسائل میرٹ پر پورا اترنے والے ہر صوبے کے نوجوان کے لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا صوبائیت کی سیاست کرنے والے گلگت بلتستان میں پنجاب کے عملی اقدامات بھی دیکھیں، نعروں اور عملی خدمت میں بنیادی فرق پنجاب کے اقدامات سے واضح ہو رہا ہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے نوجوانوں کے نام پر سیاست کی لیکن انہیں عملی وسائل فراہم نہیں کیے۔

وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو صوبوں اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، مسلم لیگ ن نوجوانوں کو سیاسی نعروں کا ایندھن نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا اصل سرمایہ سمجھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان امن کیلئے ثالث کی حیثیت سے پرامید ہے:دفتر خارجہ

رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ آئندہ چند دنوں میں اسکالرشپ کا تحفہ لے کر آزاد کشمیر جائیں گے، جبکہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی ڈیمانڈ پر جلد لیپ ٹاپ بھجوانے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی بی کے نوجوانوں کے لیے 1000 گوگل کیریئر اسکالرشپس بھی دی جائیں گی، جن کے ذریعے نوجوانوں کو ہزاروں ڈالر مالیت کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کروائے جائیں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ نوجوانوں سے اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ کے بدلے ووٹ نہیں مانگیں گے، تعلیمی معاونت حکومت کا فرض ہے، پنجاب بڑا بھائی ہے اور دوسرے صوبوں کا خیال رکھ کر اپنا فرض ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک کے ہر صوبے اور علاقے کے نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں ساتھ لے کر چلیں گے، جبکہ پنجاب کا اسکالرشپ پروگرام قومی یکجہتی اور مساوی مواقع کا عملی اعلان ہے۔