ایران پوری قوت کیساتھ اپنی سلامتی اور قومی مفادات کا دفاع کرتا ہے

مہران موحد فر(قونصل جنرل ، اسلامی جمہوریہ ایران، لاہور)

Apr 12, 2026 | 16:46:PM
ایران پوری قوت کیساتھ اپنی سلامتی اور قومی مفادات کا دفاع کرتا ہے
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

امریکا اور صیہونی رجیم کےرہائشی علاقوں اور ایران کے غیر فوجی بنیادی ڈھانچے پر فوجی جارحیت کے چالیس دن گزرنے کے بعد اور برادر ملک پاکستان کی ثالثی سے متعدد پیغامات کے تبادلے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نےجنگ بندی کے لیے دس نکاتی شرائط کا اعلان کیا اور امریکی صدر ٹرمپ نے ان شرائط کو دو ہفتے کی جنگ بندی کے مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کیا۔ ٹرمپ اپنی پہلی صدارت کے دور میں برجام جو بیس ماہ کے مذاکرات کا نتیجہ تھا سے نکل گیا تھااور اپنی دوسری مدت میں اس نے امریکہ ایران مذاکرات کے ذریعے اپنے زیادہ خواہانہ (طمع سے بھرے) اور غیر منطقی مطالبات ایران پر مسلط کرنے کی کوشش کی ، جون 2025 میں صیہونی رجیم اور امریکہ کی طرف سے ایران پر مسلط کی جانے والی 12 روزہ جنگ در اصل ایران کے عوام کے ان مطالبات کے سامنے مزاحمت کا نتیجہ تھی۔ٹرمپ کی حکومت نے 12 روزہ جنگ کے بعد دوبارہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کا مطالبہ کیا اور اس بار عمان نےثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کیا۔ لیکن افسوس کہ اس مرتبہ بھی صیہونی رجیم اور امریکہ نے جاری اور پیشرفت کی سمت جانے والے مذاکرات کو نظر انداز کرتے ہوئے 28 فروری 2026 کو ایران پر حملہ کردیا اور اس عسکری جارحیت کے پہلے دن رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ہمارے متعدد سیاسی و عسکری حکام کو ان کی رہائش گاہ پر شہید کر دیا۔عمان کے وزیر خارجہ کی گواہی کے مطابق یہ دور مذاکرات کے اچھے نتائج تک پہنچ چکا تھا اور ایران و امریکہ کے درمیان معاہدے کا سبب بن سکتاتھا،اس جنگ میں سکول پر حملہ کر کے تقریباً 170 بچوں کو شہیدکرکے جنگی جرم کا ارتکاب کیاگیا، اس کے علاوہ انہوں نے 620 تعلیمی مقامات بشمول جامعات اور تاریخی یادگاروں اور ایران کے بنیادی ڈھانچے بشمول ہسپتالوں، پلوں اور بجلی گھروں پر حملہ کیا اور کھلی دھمکی دی کہ وہ ایران کو،جو پانچ ہزار سال پرانی تہذیب کا حامل ہے ،کو دوبارہ پتھر کے دور میں واپس دھکیل دیں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنی علاقائی سالمیت کا بھر پور دفاع کیا اور اس مضبوط مزاحمت اور جارحیت کے مؤثر جواب میں مقبوضہ علاقوں کے قلب میں موجود اہداف،عسکری اڈوں اور خطے میں امریکی مفادات کو نشانہ بنایا اور اسرائیل کے مکمل تحفظ کے تصور کو ختم کردیا۔اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی جنگ کا آغاز کرنے والا نہیں رہا ہے، تاہم انقلاب اسلامی کے بعد اسے تین عسکری جارحیتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایرانی عوام نے صدام، صیہونی رجیم اور امریکہ کی جارحیت کے خلاف اپنی پوری قوت سے ملک کی علاقائی سالمیت کا دفاع کیا ہے۔ایران عالمی برادری کے ذمہ دار رکن اور خطے کے استحکام کا ستون ہونے کے ناطے ہمیشہ سفارت کاری اور مذاکرات کا خیر مقدم کرتا آیا ہے،اسی نقطہ نظر کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد نے اسرائیل اور امریکہ کی طرف سے مسلط کردہ غیر قانونی جنگ کے خاتمے اور جنگ بندی کے مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا  لیکن یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ امریکہ کی بار بار وعدہ خلافی اور قانون شکنی کی وجہ سے ایران اور امریکہ کے درمیان عدم اعتماد کی ایک مضبوط دیوار موجود ہے  اور ظاہر ہے کہ ایران ان مذاکرات میں امریکہ پر بے اعتمادی کے ساتھ شامل ہوا ہے اور اگر امریکہ اور صیہونی رجیم کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کی گئی تو ایران سفارت کاری کے راستے کو برقرار رکھنے کا پابند رہے گا اور جنگ بندی نہیں توڑے گا، تاہم ساتھ ہی ایران کی مسلح افواج  دشمن کی دوبارہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل دفاعی تیاری برقراررکھیں گی۔

اب دنیا کے بیشتر لوگوں پر یہ بات پوری طرح واضح ہو چکی ہے کہ یہ جنگ سب سے زیادہ صیہونی رجیم کے مفاد میں اور مسلمان اقوام بالخصوص جنوبی خلیج فارس کے ممالک کے نقصان میں ہے ، ایران کے کچھ عرب ہمسایہ ممالک  ایک تزویراتی وہم کی بنیاد پر اس جنگ میں حصہ لے کر ایک تزویراتی غلطی کے مرتکب ہوئے ،اس جنگ میں 3 ہزار سے زائد بے گناہ ایرانی شہری شہید ہوئے اور یہ ہمارے تاریخی حافظے میں رہے گا،تاہم ان تمام تلخ واقعات کے باوجود خطے کے ممالک اور ایران پہلے کی طرح اچھے تعلقات قائم رکھ سکتے ہیں۔ حسن ہمسائیگی اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم اصول ہے، ایران خطے کے لیے کوئی خطرہ نہیں اور ہمیشہ ہمسایوں اور مسلمان اقوام کی طرف دوستی اور برادری کا ہاتھ بڑھاتا آیا ہے جیسا کہ رہبر انقلاب نے اپنے حالیہ پیغام میں فرمایا: 
’’ہم اب بھی آپ کے مناسب رد عمل کے منتظر ہیں تاکہ ہم آپ کو اپنی برادری اور خیر خواہی دکھا سکیں۔‘‘
 عالمی برادری کے لیے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ صیہونی رجیم علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے اصل خطرہ ہے اور افسوس کہ سات دہائیوں سے زائد اس رجیم کا قبضے کے حوالے سے سزا سے استثنی ، جو بحران کی جڑ ہے ، اور اس قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے کیے جانے والے مختلف جرائم نے مغربی ایشیا میں عدم تحفظ کو مزید بڑھا دیا ہے،یہ رجیم 14 مئی 1948 جسے ’’یوم نکبت‘‘ کہا جاتا ہے سے لے کر آج تک کسی بھی عہد و پیمان (معاہدے) کی پابند نہیں رہی ۔ 1948 سے اب تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل نے صیہونی جارحیت، فلسطینی عوام کے قتل عام اور بستیوں کی تعمیر کے بارے 230 سے زائد لازمی نافذ العمل قراردادیں منظور کی ہیں ، لیکن اس رجیم نے کسی بھی قرارداد کو قبول نہیں کیا۔ لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور 8 اپریل کو بیروت کی وحشیانہ بمباری اس حکومت کی جنگ پسندی کا مظہر ہے جواپنی بقا کو بحران پیدا کرنے میں سمجھتی ہے،لہٰذا جنگ بندی کے مذاکرات کی پہلی دشمن صیہونی رجیم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی آئل ریفائنری کی 2 ماہ میں 80 فیصد صلاحیت بحال ہونے کی امید
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کی ثالثی کا احترام کرتے ہوئے ایک تعمیری اور مثبت رویے کے ساتھ اسلام آباد میں جنگ بندی کے مذاکرات میں شرکت کی، تاہم صہیونی رجیم اور امریکہ اپنی حد سے بڑھے ہوئے( زیادہ خواہانہ ) مطالبات کے ذریعے جوکچھ وہ چالیس روزہ جنگ میں حاصل نہ کر سکے تھے، غیر جنگی فضا میں حاصل کرنا چاہتے تھے اور یہ ناممکن ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران قومی مفادات کے حصول اور ملک کےمفادات کے تحفظ کے لیے سفارت کاری سمیت تمام ذرائع کے استعمال کے لیے پر عزم ہے۔ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی معزز حکومت اور عوام کا مذاکرات کی میزبانی اور اس عمل کو آگے بڑھانے میں ان کی مساعی جمیلہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔