صدر،وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے پارلیمانی قائد عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے،صدر مملکت نے ان کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔
صدر نے عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب کیلیے دعا کی اور ان کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےسینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم صحافت کے ساتھ سیاست میں بھی اعلی روایات کے علمبردار تھے،عرفان صدیقی مرحوم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نےسینٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی ہے،اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی ناقابل فراموش سیاسی روایات کے علمبردار تھے،پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی،مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم عرفان صدیقی سیاست کا وقار تھے، تادیر یاد رکھا جائے گا ۔