آپریشن سندور بھارت کے منہ پر کالک ثابت ہوا، پاک افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا؛سپیکر ایاز صادق

May 11, 2026 | 18:29:PM
آپریشن سندور بھارت کے منہ پر کالک ثابت ہوا، پاک افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا؛سپیکر ایاز صادق
کیپشن: سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آپریشن سندور بھارت کے منہ پر کالک ثابت ہوا، پاک افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے اپنے سے تعداد اور وسائل میں کئی گنا بڑی دشمن فوج کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس میں معرکہ حق کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ الحمد اللہ، وطن عزیز پورے جوش و خروش سے معرکہ حق  ،آپریشن بنیان مرصوص   کی پہلی سالگرہ منا رہا ہے، 10 مئی کا دن ملکی تاریخ کا روشن اور تابناک دن ہے، 10 مئی کو ہماری بہادر افواج نے پاک سر زمین کی جانب بڑھتے ہوئے دشمن کے ناپاک قدموں کو روکا، پاک افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے اپنے سے تعداد اور وسائل میں کئی گنا بڑی دشمن فوج کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا۔

سردار ایاز صادق کاکہناتھا کہ  بزدل دشمن رات کی تاریکی میں پاکستان کے پرامن اور نہتے عوام پر حملہ آور ہوا،قوم اور افواج پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہی، دشمن زمینی محاذ پر اپنی چوکیاں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوا۔

سپیکر قومی اسمبلی کاکہناتھا کہ پاکستان ایئر فورس نے دنیا کے سامنے اپنی فیصلہ کن فضائی برتری تسلیم کروائی، معرکہ حق کے دوران پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے سات جہاز تباہ کیے،آپریشن سندور بھارت کے منہ پر کالک ثابت ہوا، پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے ہر افسر اور جوان  کو قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

سردار ایاز صادق کامزیدکہناتھا کہ معرکہ حق میں پاکستان بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو اپنی بندرگاہوں تک محدود رکھا،قوم پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کو ہدیہ تشکر ادا کرتی ہے،ان کاکہناتھا کہ بھارت کا جھوٹ سے بھرپور بیانیہ بھی بری طرح بے نقاب ہوا، آج ہندوستانی میڈیا دنیا بھر میں ایک مذاق بن چکا ہے، دنیا جان چکی ہے کہ پہلگام ایک فالس فلیگ آپریشن تھا،فالس فلیگ آپریشن علاقائی اور عالمی امن کو شدید خطرے میں ڈالنے کی بھارت کی مذموم کوشش تھی۔

سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، خلیج فارس میں جاری کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا پیامبر ہے، پاکستان عالمی امن کے قیام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، ان کاکہناتھا کہ پاکستان مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا، برصغیر میں پائیدار امن مسلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے جڑا ہوا ہے، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آ کر بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی عوام کو ان کا حق دینا ہو گا، بھارت کی جانب سے جاری آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی غیر قانونی اور انتہائی قابل مذمت ہے، پاکستان بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا ہر سطح پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بین الاقوامی پارلیمانی برادری کی توجہ خطے میں جاری بھارتی توسیع پسندی کی طرف دلاتا ہوں، بھارتی توسیع پسندانہ ذہنیت بین الاقوامی امن کیلئے خطرہ ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہناتھا کہ پوری قوم کے دل اپنے بہادر اور جری شہداء کی یاد سے منور ہیں،شہداء نے دشمن کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ، قوم کو اپنے بہادر اور جری شہداء پر فخر ہے،اللہ تعالیٰ کے حضور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں،معرکۂ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاک افواج کو فتحِ مبین سے نوازا، فتحِ مبین سے افواجِ پاکستان اور پاک سرزمین کے عزت و وقار میں بے مثال اضافہ ہوا، پوری قوم پر لازم ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے اس بے پایاں فضل و کرم پر سربسجود ہو کر شکر ادا کرے۔

دریں اثنا ء قومی اسمبلی میں معرکہ حق کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات اتنی مہنگی کیوں ہیں؟ وزیرِ مملکت نے اصل حقیقت بتا دی