کراچی میں صنعتوں کو فراہمی معطل، کل صبح تک گیس بند رہے گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( بسیم افتخار)کراچی میں صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل کردی گئی اورآج صبح 8بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک گیس بند رہے گی۔
شہرقائد میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ ختم نہ ہو سکا،اب کراچی میں صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔
صنعتوں کوگیس کی فراہمی آج صبح 8بجے سے پیرکی صبح 8بجے تک بندکی گئی ہے،صنعتوں کے لیےگیس کی بندش کادورانیہ 24گھنٹوں تک رہے گا۔
سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ نے یہ فیصلہ موسمِ سرما میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظرکیاہے،ترجمان سوئی سدرنک کے مطابق گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کے لیے ادارہ کوشاں ہے ،اس دوران اگر کسی گھریلو صارف کو گیس پریشر کی کوئی شکایت درپیش ہو تو آپریشنل ہیلپ لائن 1199 پر اپنی شکایت کا اندراج کراسکتے ہیں۔
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق حسبِ معمول روزانہ کی بنیاد پر گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی منقطع رہے گی۔
شہریوں کااس حوالے سے کہناہے کہ گیس مسائل کے سبب ایل پی جی گیس کا استعمال معاشی بوجھ بڑھانےکاباعث ہے،دن کے اوقات میں گیس پریشر میں کمی یابندش کھانے کی تیاری کے عمل کو دشوار بنادیتی ہے،ملیر،جیکسن،گھگھرپھاٹک،منگھوپیر،شاہ لطیف ٹائون،نصرت بھٹو کالونی، کنواری کالونی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، سلطان آباد سمیت شہر کے کئی علاقے گیس کی قلت سے متاثر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وینزویلا پر قبضہ، ایران میں شدید مظاہرے، کیا بابا وانگا کی تیسری عالمی جنگ کی پیشگوئی سچ ہونے جارہی ہے؟
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق رات ساڑھے 9 بجے سے صبح ساڑھے 5 بجے تک گیس کی لوڈ مینجمنٹ کی جاتی ہے، تاکہ دن کے اوقات میں صارفین کو بہتر پریشر فراہم کیا جاسکے۔
دوسری طرف شہرقائد میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ بھی ختم نہ ہو سکااورشہرکےمختلف علاقوں میں 4 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سلسلہ برقرارہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹر ک کے 70 فیصد فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں جبکہ 30 فیصد فیڈرز پر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے،جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، ان کی تفصیلات کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔