عام آدمی کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک اور اعلیٰ اقدام

Dec 11, 2023 | 18:26:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے ) وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کا عام آدمی کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے اعلیٰ اقدام ،لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی از سرنوتعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 

ہسپتال کی از سر نو تعمیر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محسن رضا نقوی کا کہنا تھا کہ جو بھی سہولت چاہیں گے ہم ہسپتالوں کو دیں گے،ڈاکٹرز کو فکس کرنے کی بجائے اپنی کوتاہیاں سدھار رہے ہیں،جب تک ڈاکٹر حق حلال کماناشروع نہیں کریں گے،جب تک ڈاکٹرز تنخواہ اتنی لیں گے جتنا وہ کام کررہے ہیں،شعبہ صحت درست نہیں ہو سکتا،یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ 10،15دن کام نہ کریں اور تنخواہ پوری لیں،یہ حرام کی کمائی ہے،یہ حلال کی کمائی نہیں ہے۔
 وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آپ جو مرضی کہہ لیں اگر ہم اپنی ڈیوٹی کررہے ہیں چاہے وہ مزدور ہے،چاہے وہ سی ای او ہے،چاہے وہ سیکرٹری ہے یہ کوئی بھی ہے،اگر آپ کام کررہے ہیں تو ہی آپ کی تنخواہ حلال ہے، ہر بندہ حلال وحرام کی بات کرتا ہے یہ ممکن نہیں کہ آپ کام نہ کریں اور تنخواہ لے لیں اور کہیں کہ یہ حق حلال کی کمائی ہے،یہ کسی صورت حق حلال کی کمائی نہیں ہے،ایسے شعبوں میں جہاں لوگوں کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے،وہاں پر آپ ڈنڈی ماریں اپنے کام میں یہ کسی صورت درست نہیں،ہرپروفیشن اور زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ حرام کھانا شروع کر دیں،اللہ تعالی ہم سب کو حق حلال کی کمائی کھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

سید محسن رضا نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے جو فرض سمجھا ہم کررہے ہیں،ڈاکٹرز حضرات سے یہ اپیل ہے آپ لوگ وہ کام کریں جو آپ کا فرض ہے،جو میرا کام ہے وہ مجھے کرنے دیں،جو آپ کا کام ہے وہ آپ کریں،ہر ایک اگر اپنا اپنا کام کرے گا،دوسرے لوگوں کے کاموں کی فکر نہیں کرے گا،ٹھیکیدار نہیں بنے گاتو اس ملک کی ہر چیز ٹھیک ہو جائے گی،جب میں بیٹھوں گا اور کہوں گا کہ مجھے تو ان کی چیزوں کی فکر ہے جو میرے متعلق نہیں تو نتیجہ ڈیزاسٹر ہی ہو گا،اگر ہم سب نے مل کر اس ملک کیلئے نیک نیتی سے کام کرنا ہے تو اپنا کام نیک نیتی سے اور حق حلال کی کمائی سے کریں۔
 وزیر اعلیٰ پنجاب نےکہا کہ نئے ہسپتال کی تعمیر ہماری پالیسی نہیں تھی،موجودہ ہسپتالوں کو ٹھیک کرنا چاہتے تھے،یہ نیا ہسپتال نہیں بلکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی خستہ حال بلڈنگ گرا کر عمارت بنا رہے ہیں،20سال سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے بیسمنٹ میں پانی کھڑا تھا اور بلڈنگ میں دارڑیں پڑ چکی تھیں،مخدوش بلڈنگ پر پیسے لگانا فنڈز کے ضیاع کے مترادف ہے،سب نے مل کرنئی عمارت بنانے کا فیصلہ کیا،لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی خطرناک حالت سے جانی نقصان کا ڈر تھا،دیرپا اور بہتر حل کیلئے پرانی بلڈنگ گرا کرسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنارہے ہیں،لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو میں ایف ڈبلیو او اورانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کا مرکزی کردار ہے۔

آئی ڈی اے پی پر پورا پنجاب فخر کر سکتا ہے،ان کی بنائی ہوئی عمارتوں کی فنشنگ غیرملکی ماہرین کا کام لگتا ہے،ایف ڈبلیو او اور حکومت پنجاب کا اشتراک کار دن بدن بڑھ رہا ہے،راولپنڈی رنگ روڈ،ایس ایل تھری اور گوجرانوالہ ایکسپریس وے پر ایف ڈبلیو اوبہتر کام کررہا ہے،تعمیراتی معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کررہے اور نہ کریں گے،مدت تکمیل پر آگے پیچھے ہو سکتی ہے لیکن تعمیراتی معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا،امید ہے ایف ڈبلیو او،محکمہ صحت اور آئی ڈی اے پی یہ پراجیکٹ جلد مکمل کروائیں گے،5سے6ماہ میں گوجرانوالہ ایکسپریس وے اور ایس ایل تھری کی تعمیر ناممکن لگتی تھی لیکن جنوری میں یہ دونوں پراجیکٹ مکمل ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :جعلی پاسپورٹ بنانے کا معاملہ ، ایف آئی اے نے انکوائری شروع کر دی


محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کنگ ایڈورڈکا ہسپتال ہے جو کہ پاکستان کا بہترین ادارہ ہے،کے ای کی تمام خراب چیزیں تبدیل ہو چکی ہیں،ایک بھی پرانی چیز نہیں،اب ڈاکٹر زشکوہ نہیں کر سکتے،اڑھائی لاکھ مربع فٹ پر 230بیڈ کاسٹیٹ آف دی آرٹ لیڈی ولنگڈن ہسپتال بنے گا،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لئے جو ممکن ہے کررہے ہیں،سی اینڈ ڈبلیو نیک نیتی سے اپ گریڈیشن کررہا ہے،100ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ٹارگٹ ڈیٹ پر مکمل کرانے کے لئے کوشاں ہیں،ایف ڈبلیو او اور آئی ڈی اے پی اس پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کریں اور اس منصوبے کی تکمیل کے لئے 2برس کا وقت مقرر کیا گیا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ایف ڈبلیو او سال سوا سال میں یہ منصوبہ مکمل کر لے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارا وقت ہے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے اس پراجیکٹ کا وزٹ کرتے رہیں گے،صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری تعمیرات ومواصلات سہیل اشرف نے بھی تقریب سے خطاب کیا    ۔