ایلون مسک دفتر کی اشیاء کیوں نیلام کررہے ہیں؟

Aug 11, 2023 | 11:12:AM
 ٹوئٹر کا نام ایکس (X) سے تبدیل کرنے کے بعد اب ٹوئٹر کی عمارت پر موجود اس کے پرانے لوگو اور دیگر اشیا بھی نیلامی کیلئے دے دی گئیں۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ٹوئٹر کا نام ایکس (X) سے تبدیل کرنے کے بعد اب ٹوئٹر کی عمارت پر موجود اس کے پرانے لوگو اور دیگر اشیا بھی نیلامی کیلئے دے دی گئیں۔ 

نیلام کیے جانے والی 584 اشیا میں کافی ٹیبلز، بڑے سائز کے پنجرے اور وائرل ہونے والی تصاویر کی آئل پینٹنگز شامل ہیں اس کے علاوہ کئی میز اور کرسیاں، ایک ڈی جے بوتھ اور اتنے موسیقی آلات ہیں جو ایک بینڈ کی ضرورت کیلئے کافی ہیں۔

نیلامی کیلئے پیش ہونے والے ٹوئٹر کے نشانات میں سے ایک ابھی بھی کمپنی ہیڈ کوارٹر کی عمارت پر لگا ہوا ہے۔ نیلامی کی فہرست میں لکھا ہے کہ ’چڑیا اب بھی عمارت کی ایک طرف نصب ہے۔ خریدار مناسب اجازت ناموں کے ساتھ سان فرانسسکو سے لائسنس یافتہ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا ذمہ دار ہے،‘  گذشتہ مہینے سان فرانسسکو کی انتظامیہ نے ٹوئٹر کے مختلف نشانات کو ہٹانے کی کوشش کو عارضی طور پر روک دیا تھا۔

ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی تصویروں کی دو آئل پینٹنگز بھی نیلام کی جائیں گی۔ پہلی تصویر 2014 اکیڈمی ایوارڈز میں اداکارہ ایلن ڈیجینریز کی ستاروں سے بھری سیلفی ہے۔ دوسری تصویر اس وقت کی ہے جب امریکی صدر براک اوبامہ نے نومبر 2012 میں دوبارہ امریکہ کے صدر منتخب ہونے پر ٹویٹ کی تھی۔ اس وقت یہ پلیٹ فارم کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ٹویٹ تھی۔

نیلامی میں گٹار سے لے کر ڈرم کٹس اور ایمپلیفائر تک کے میوزیکل آلات کے علاوہ کنٹرولر، مکسر اور سپیکر کے ساتھ ڈی جے بوتھ بھی شامل ہے۔

یہ بولی 12 ستمبر کو شروع ہو گی اور دو دن بعد ختم کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا اور اس کے بعد اس کے اخراجات میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کیے اور اب یہ نیلامی ہو رہی ہے۔