شعیب ملک کی ٹیم میں کب واپسی ہوگی؟کپتان نے جواب دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نےشعیب ملک کی واپسی کے سوال پر بات کو گھمادیا ۔کہتے ہیں کہ نیدرلینڈ اور ایشیا کپ کے لیے جو بہترین ٹیم دستیاب تھی وہ ہم نے پاکستان کے لیے منتخب کی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں ہوتی، ہم کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لے رہے۔ون ڈے میچز کافی دیر بعد ہو رہے ہیں، نئے کھلاڑیوں کو ضرور چانس دیں گے، ٹیم کوئی بھی ہو ہم سب نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔اپنی ٹیم پر یقین ہے کہ سب اچھا پرفارم کریں گے، شاداب کی ٹیم سے واپسی کا فائدہ ہو گا، ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، کھلاڑی اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔
عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر کہا کہ کسی کے لیے بھی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوتے لیکن اس وقت محمد نواز اچھا پرفارم کر رہا ہے، البتہ پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑے گی تو انہیں ضرور ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ میں تمام کھلاڑیوں پر یقین رکھتا ہوں، پوری ٹیم ہی ٹرمپ کارڈ ہے، یقین رکھتا ہوں کہ جو بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہے وہ میچ جتوا کر ہی آئے گا اور ماضی میں اس کی مثالیں دیکھ چکے ہیں۔
ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ میں نے کوچ اور سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد جو بہترین ٹیم تھی پاکستان کے لیے وہ منتخب کی ہے، نیدر لینڈ کے فوری بعد ایشا کپ ہے اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں ہے۔حسن علی کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ وہ ایک ٹیم مین ہے لیکن بدقسمتی سے ابھی اس کی فارم نہیں چل رہی، امید ہے وہ ڈومیسٹک میں پرفام کرے گا اور واپس ٹیم میں آئے گا۔