صرف 15 منٹ کی چہل قدمی کے صحت پر حیران کن مثبت اثرات 

Mar 10, 2026 | 19:10:PM
صرف 15 منٹ کی چہل قدمی کے صحت پر حیران کن مثبت اثرات 
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )کھانے کے بعد صرف 15 منٹ کی چہل قدمی انسانی صحت پر انہتائی مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی بھی مجموعی صحت پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کر سکتی ہے، تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ صرف 10 سے 15 منٹ کی ہلکی پھلکی چہل قدمی ہاضمے، بلڈ شوگر، دل کی صحت اور ذہنی سکون سمیت کئی پہلوؤں کو بہتر بناتی ہے۔

کھانے کے بعد چلنے سے معدہ اور آنتوں کی حرکت تیز ہوتی ہے جس سے کھانا جلد ہضم ہوتا ہے اور بدہضمی یا بھاری پن کم ہوتا ہے، چلنے کے دوران پٹھے گلوکوز کو توانائی کے طور پر استعمال کرتے ہیں جس سے کھانے کے بعد شوگر لیول اچانک بڑھنے سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے، خاص طور پر کاربوہائیڈریٹس کھانے کے بعد چہل قدمی بے حد فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

اگرچہ یہ سخت ورزش کا متبادل نہیں مگر روزانہ کی مستقل چہل قدمی اضافی کیلوریز کم کرنے اور غیر ضروری اسنیکس سے بچنے میں مدد دیتی ہے، ہلکی واک سے جسم میں خوشی کے ہارمونز خارج ہوتے ہیں جو تناؤ کم کر کے ذہنی سکون اور توجہ میں اضافہ کرتے ہیں۔

چہل قدمی خون کی روانی بہتر بناتی ہے، بلڈ پریشر کم کرنے اور دل کی بیماریوں کے خطرات گھٹانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، شام کے وقت ہلکی جسمانی سرگرمی جسمانی گھڑی کو متوازن رکھتی ہے جس سے بہتر اور گہری نیند آتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مختصر واک اپھارے اور معدے کی تکالیف کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً حساس معدے والے افراد کے لیے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بہترین نتائج کے لیے کھانا کھانے کے بعد 30 سے 60 منٹ کے اندر واک شروع کر دیں۔

اگر فوری واک سے تکلیف ہو تو 10 منٹ انتظار کریں اور بعد ازاں چلنا شروع کریں، ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے بعد موبائل استعمال کرنے یا فوراً لیٹنے کے بجائے مختصر چہل قدمی اپنانا ایک سادہ مگر مؤثر عادت ہے جو طویل مدت میں صحت کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :چیف منسٹر مریم نے تمام وزراء کیلئے سرکاری پٹرول بند کر دیا