بھارت نے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، جلال پور پیروالا میں ایمرجنسی نافذ،ریسکیو آپریشن جاری

Sep 08, 2025 | 09:17:AM
  بھارت نے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، جلال پور پیروالا میں ایمرجنسی نافذ،ریسکیو آپریشن جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز )بھارت نے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، چناب میں پانی کے تیز بہاؤ سے جلال پور پیروالا میں بند ٹوٹ گیا جس سے درجنوں بستیاں زیر آب آ گئی، لوگ جان بچانے کے لیے چھتوں پر چڑھ گئے، شجاع آباد اور جلال پور پیر والا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا جس کے بعد حکومت نے الرٹ جاری کردیا، دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

 

ملتان جلال پور پیر والا میں رات بھر سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ خان بیلہ کی ملحقہ آبادیوں کرم والی اور دراب پور سے 143 متاثرین کو ریسکیو کیاگیا،گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملتان سے 2ہزار343 متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا۔ مظفر گڑھ اور علی پور جتوئی کے عوام کو بھی سیلاب متاثرہ علاقوں سے انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔

لڈن :اکبر شاہ میں بند ٹوٹنے سے ڈیڑھ ہزار گھر ڈوب گئے

 لڈن  میں سیلاب کے باعث دیہات اکبر شاہ میں بند ٹوٹنے سے ڈیڑھ ہزار گھر ڈوب گئے۔خواتین و بچے بھی بھوک و پیاس سے نڈھال  ہیں  ۔ 

ترنڈہ محمد پناہ میں  فصلیں ملیا میٹ

دریائے چناب میں سیلاب سے ترنڈہ محمد پناہ میں تباہی مچ گئی ، بپھرا پانی تمام جمع پونجی بہا لے گیا۔دیہات علی ڈایا اور بستی گورمانی زیر آب آگئیں فصلیں بھی ملیا میٹ ہوگئیں۔

ہیڈ محمد والا میں پانی آبادیوں میں داخل 

 ہیڈ محمد والا اکبر فلڈ بند پر پانی کی سطح 412 فٹ سے بڑھ کر 412.20 فٹ پر برقرار  ہے ۔سیلابی پانی آبادیوں میں داخل ہونے سے علاقہ مکین پریشان ہیں ۔ہیڈ محمد والا روڈ کو ٹریفک کے لیے جزوی طور پر کھول دیا گیا۔ 

سجاول پل پر سیلابی صورتحال برقرار  

سجاول پل پر سیلابی صورتحال برقرار ہے ،وقفے وقفے سے بارش نے  متاثرین کی مشکلات مزید بڑھا دیں ۔  

  بورے والا : درجنوں دیہات اور بستیاں پانی کی نذر
  بورے والا میں درجنوں دیہات اور بستیاں ڈوب گئیں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

بستی سیالوں والی کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا

 دریائے ستلج میں قبولہ کے مقام پر سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں جاری ہیں ،بستی سیالوں والی کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا،بپھرا پانی سوہاوا مل، ہزارا مل، بستی بھوریکا میں داخل، فصلیں تباہ ہوگئی۔  

عارف والا کے 70 سے زائد دیہات متاثر
 دریائےستلج میں سیلاب سے عارف والا کے 70 سے زائد دیہات متاثر ہو گئے۔بپھرے پانی نے 35 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلی فصلیں برباد کردیں، زمینی رابطے منقطع ہوگئے۔