آج سے منگل تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی،الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)بلوچستان کے 19 اضلاع میں آج ہلکی بارش جبکہ چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ اور زیارت میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختون خوا کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے منگل تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقے ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
مغربی ہواؤں کے زیر اثر ساحلی پٹی پر تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ظاہر کر دیا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، 9 سے 10 فروری کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش کا امکان ہے۔