ایک سال سے چپ بیٹھا ہوں ، جہانگیر ترین کے وزیراعظم سے شکوے

Apr 07, 2021 | 10:04:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ  پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں ہوئیں، 10 سال سے پارٹی کا حصہ ہوں ، میں تو دوست تھا، دشمنی کی طرف کیوں دھکیل رہے ہو،  میری وفاداری کا امتحان لیا جارہا ہے، ظلم بڑھتا جارہا ہے، ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔

لاہور کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین  کا کہنا تھا کہ ایک سال سے انکوائری چل رہی ہے، میں خاموش بیٹھا ہوں، ملک کی 80 شوگر ملوں میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا،میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہورہی ہے، وجہ کیا ہے؟

 جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں، مجھ پر ایک یا 2 نہیں 3،3 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں،  میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کردئیے گئے ہیں، اکاؤنٹ کیوں منجمد کئے، اس سے کیا فائدہ ہورہا ہے اور یہ کون کررہا ہے؟ جو بھی یہ سب کررہا ہے، وقت آگیا ہے انہیں بےنقاب کیا جائے ۔

واضح رہے کہ عدالت پیشی کے دوران جہانگیر ترین اور علی ترین کے ہمراہ ارکان اسمبلی چودھری افتخار گوندل ،اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا، امیر محمد خان، غلام بی بی بھروانہ ،راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ ، نذیر بلوچ اور خرم لغاری بھی موجود تھے۔