میکسیکو کی صدر کیساتھ نامعلوم شخص کی نازیبا حرکت، کلاؤڈیا شینبام نے مقدمہ درج کرا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)خواتین کے تحفظ کی بحث ایک بار پھر سرخیوں میں ہے، میکسیکو میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا کہ ملک کی خاتون صدر بھی محفوظ نہ رہ سکیں اور خواتین کے تحفظ کا مسئلہ ایک بار پھر قومی بحث کا مرکز بن گیا ہے۔
یہ واقعہ تاریخی مرکز ی علاقے میں پیش آیا، جب صدر کلاؤڈیا شینبام عوام سے ملاقات کرتے ہوئے نیشنل پیلس سے وزارتِ تعلیم تک پیدل جا رہی تھیں۔
راستے میں وہ لوگوں سے مصافحہ کر رہی تھیں کہ ایک شخص نے قریب آ کر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کی کوشش کی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور ملک بھر میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد پر نئی بحث چھڑ گئی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق صدر کلاؤڈیا شینبام نے بتایا کہ انہوں نے اس شخص کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی ہے جس نے انہیں سرِ عام چھوا اور زبردستی بوسہ دینے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ میرے حقیقی والد ہیں، بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے انکشاف نے چونکا دیا
میکسیکو میں صدر کلاؤڈیا شینبام کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ طاقت اور عہدہ بھی عورت کو ہراسانی سے محفوظ نہیں رکھ پاتے۔
شینبام نے کہا، ”اگر یہ میرے ساتھ ہو سکتا ہے تو عام نوجوان خواتین کا کیا حال ہوگا؟ کوئی بھی شخص کسی خاتون کی ذاتی حدود کو توڑنے کا حق نہیں رکھتا۔“
وائرل ویڈیو میں ایک درمیانی عمر کا شخص صدر کے قریب آ کر ان کے کندھے پر ہاتھ رکھتا ہے، ان کے جسم کو چھوتا ہے اور بوسہ دینے کی کوشش کرتا ہے۔
صدر فوراً پیچھے ہٹتی ہیں اور ان کا ایک معاون درمیان میں آ جاتا ہے، اس وقت ان کی سکیورٹی ٹیم قریب نظر نہیں آتی، بعد میں صدر نے کہا کہ وہ شخص نشے میں معلوم ہوتا تھا۔
صدر کلاؤڈیا شینبام نے میکسیکو کے معروف اخبار ’ریفورما‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جس نے ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تصاویر شائع کیں۔
صدر کا کہنا تھا کہ ایسی تصاویر کا استعمال ان کی ”دوبارہ تذلیل“ کے مترادف ہے اور یہ اخلاقی حدود کی صریح خلاف ورزی ہے۔
شینبام نے واضح کیا کہ خواتین کی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر شائع کرنا جرم ہے، اور انہوں نے اخبار سے فوری معافی کا مطالبہ کیا۔