تقررو تبادلے؛ بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا کی کنٹریکٹ پر تعیناتی میں 2 سال کی توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابرشہزادتُرک)وفاقی حکومت نے متعدد وفاقی سرکاری افسران کی تقرریوں، تبادلوں اور کنٹریکٹ پر تعیناتیوں میں توسیع سے متعلق احکامات جاری کر دیئے۔
وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا کی کنٹریکٹ پر تعیناتی میں 2 سال کی توسیع کی گئی ہے، توسیع یکم جولائی 2026 سے شمار ہو گی اور بمطابق سابق شرائط و ضوابط تاحکم ثانی برقرار رہے گی جبکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) پشاور کے ڈائریکٹر جنرل عثمان گل کی تقرری میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے، توسیع شدہ مدت کا آغاز 15 مئی 2026 سے ہو گا۔
علاوہ ازیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرری کے منتظر، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 18 کے اورنگزیب بادینی کی خدمات نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، مزید برآں، پاک فوج کے افسر میجر تحسین احمد ظفر کی خدمات 2 سال کیلئے نیشنل پولیس اکیڈمی کے سپرد کی گئی ہیں، جہاں انہیں ڈپٹی ڈائریکٹر فزیکل (بی ایس 18) تعینات کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری سیکنڈمنٹ کی بنیاد پر فوری طور پر نافذ العمل ہو گی اور تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔
ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری کے منتظر، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کے محمد آصف نواز کو 30 جون 2027 تک جاری رہنے والے جوائنٹ جاپان/ورلڈ بینک گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام سے استفادہ کرنے کیلئے او ایس ڈی تعینات کیا گیا ہے، دریں اثناء، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 22 کے او ایس ڈی ڈاکٹر ارشد محمود کی 13 جولائی سے 12 اگست 2026 تک ایک ماہ کی بامعاوضہ بیرون ملک (ایکس پاکستان) رخصت منظور کی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے ڈاکٹر ارشد محمود کو کینیڈا جانے کی اجازت بھی دے دی ہے، تاہم یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ ان کے سفر اور بیرون ملک قیام کے دوران حکومت پاکستان پر کسی قسم کی زرمبادلہ کی مالی ذمہ داری عائد نہیں ہو گی، علاوہ ازیں، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے او ایس ڈی ثناءاللہ کی خدمات داخلہ ڈویژن کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ آفس مینجمنٹ گروپ گریڈ 18 کی او ایس ڈی مریم ملک کو خزانہ ڈویژن میں سیکشن افسر اور آفس مینجمنٹ گروپ گریڈ 18 کی او ایس ڈی فضیلت نعیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں سیکشن افسر تعینات کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جملہ احکامات کے ضمن میں باضابطہ الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان سے ہونیوالی دہشتگردی کیخلاف انٹیلی جنس کارروائیاں جاری رہیں گی،کور کمانڈرز شرکا