ہیکر نے سٹوڈنٹس سے پیسے لے کر یونیورسٹی کے رزلٹ بدل دیئے، سکینڈل سائبر کرائم ونگ تک پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جہانگیر اشرف) فیصل آباد میں جی سی یونیورسٹی کے آئی ٹی سسٹم پر ہیکر کا منفرد حملہ سامنے آیا ہے جس میں ہیکر نے درجنوں سٹوڈنٹس کے نمبر اور امتحانات کے نتائج تبدیل کر دیئے۔ یونورسٹی نے سائبر کرائم ونگ کو اس سنگین جرم کی رپورٹ کر دی۔
فیصل آباد میں یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی جانب سے ہیکر کی خدمات حاصل کر کے اپنے نمبر بڑھوانے کی سنگین کوششش سامنے آئی ہے جس میں کم از کم 32 سٹوڈنٹس کے نمبر بڑھانے کی کوشش کی گئی۔
جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی انتظامیہ نے سائبر کرائمز ونگ کو درخواست دی ہے کہ غیر مجاز افراد کی طرف سے یونیورسٹی ٹیچرز کے پورٹل پر لاگ ان کرکے 32 سٹوڈنٹس کے 72 کورسز کے نتائج تبدیل کئے گئے اور ان سب ستوڈنٹس کے مارکس بڑھا دیئے گئے۔
یہ سکینڈل اس وقت سامنے آیا جب جی سی یونیورسٹی کے کنٹرولر آفس نے مینوئل اور آن لائن ریکارڈ میں واضح فرق کنفرم ہونے پر ان سب سٹوڈنٹس کے رزلٹ روک لئے۔
یونیورسٹی کے سسٹم میں مبینہ ہیکر کی مداخلت کے شواہد سامنے آنے کے بعد جی سی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے تحقیقات کی درخواست دے دی۔
بتایا جا رہا ہے کہ سٹوڈنٹس نے اپنے رزلٹ تبدیل کرنے کیلئے رقم ادا کی تھی۔
ابتدائی تحقیقات سے سامنے آیا کہ سب سٹوڈنٹس کے نمبر بڑھانے کے لئے سرگرمی میں ایک ہی شخص ملوث ہے۔ متعدد اساتذہ کے فیکلٹی پورٹلز تک ایک مخصوص آئی پی ایڈریس سے مختلف تاریخوں پر بار بار رسائی حاصل کی گئی۔
ہیکرز کے ذریعہ یونیورسٹی کے آن لائن ریکارڈ میں اپنے نمبر بدلوا لینے کا سنگین جرم سٹوڈنٹس کے لئے سنگین مسائل کی ابتدا کا سبب بن گیا ہے۔ رزلٹ بدلوانے میں ملوث 32 سٹوڈنٹس میں سے کسی کو بھی بوگس رزلٹ پر ڈی ایم سی جاری نہیں کی گئی۔