عوام انصاف کیلئے اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں:جاوید لطیف

Sep 05, 2022 | 16:23:PM
 عوام ,انصاف , اعلیٰ عدلیہ ,جاوید لطیف,مسلم لیگ ن ,عمران خان,پارلیمانی کمیشن
کیپشن: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف  نے کہا ہے کہ سلطان راہی والی آواز کو نکیل نہ ڈالی گئی تو لوگ باہر نکلیں گے،میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ خود سے انصاف کے حصول کیلئے باہر نکلنے کو تیار ہو رہے ہیں، عوام انصاف کیلئے اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف سے درخواست ہے کہ لوگوں کی آواز سنیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےجاوید لطیف نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر ان سے متعلق کہا کہ یہ ٹرانسفر پوسٹنگ کی بات کس حیثیت سے کر رہے ہیں، یہ ایسے مکار ہیں جو گھڑی چوری سے لے کر قوم کے اربوں کھربوں روپے لوٹ کر لے گئے،ان کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی انتقام کی سیاست کرتے رہے، یہ کہتے ہیں کہ میں پیاز ٹماٹر کی قیمتیں معلوم کرنے نہیں آیا تھا، یہ بتائیں کہ کیا یہ ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے آئے تھے، وزیرِ داخلہ بتائیں کہ آج تک ان پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا گیا؟

 جاوید لطیف نے کہا کہ  آئین کو تحفظ دینے تک ریاست نہیں بچے گی، انصاف دینے والوں کو تحفظ فراہم کرنا ہو گا، ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، میں پوچھتا ہوں کہ وزیرِ اعظم عوام کو کیوں اعتماد میں نہیں لیتے؟ مسلم لیگ اور باقی جماعتیں جلسے جلوس نہیں کر رہیں، لوگ خود نکل کر آ رہے ہیں۔

 جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیشن بنایا جائے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، اس پارلیمانی کمیشن میں پی ٹی آئی کے ارکان کو بھی شامل کیا جائے، آج کے وزیرِ داخلہ بتائیں کہ فرح گوگی، پنکی پیرنی جیسے بڑے اسکینڈلز پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا گیا، اگر کوئی رکاوٹ نہیں تو کیوں پنکی پیرنی کو پکڑا نہیں گیا؟،مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ طلال چودھری ثاقب نثار پر بات کر رہے ہیں تو پارلیمانی کمیشن بننا چاہیے، اگر کمیشن پر اعتماد نہیں تو اسمبلی کو تالا لگا دیں، عمران خان لوگوں کو اکسا کر اداروں میں بغاوت چاہتے ہیں، قوم کو بتایا جائے کہ عمران خان کس کے لاڈلے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ڈالرمہنگاہوگیا