لاہور میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ، درخت اور پول گر گئے، بجلی کی فراہمی معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فاران یامین)لاہور میں رات گئے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں درخت اور پول گر گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں رات گئے طوفانی بارش کے باعث مختلف علاقوں میں درخت اور پول گر گئے، بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔
لاہور میں ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، مال روڈ، ائیرپورٹ، صدر اور مغل پورہ کے علاقوں میں تیز بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ گلشن راوی، سمن آباد، چوبرجی اور علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی شدید بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کئی فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہریوں کو اندھیرے میں رات گزارنا پڑی۔
اوکاڑہ، ساہیوال اور قصور میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:طالبہ کی خوبصورتی مصیبت بن گئی،امتحانی عملے نےصداقت جانچنے کیلئے پلکیں کھینچ لیں
لاہور، اوکاڑہ، کمالیہ، چنیوٹ، چونیاں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھوآنہ، گوجرہ اور گرد و نواح میں رات گئے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
دوسری جانب شمالی علاقوں میں موسم سرما نے وقت سے پہلے دستک دے دی ہے۔ استور کے بالائی علاقوں، مینگورہ شہر اور سوات کے سیاحتی مقامات گبین جبہ اور وادی کالام میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی، جبکہ پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش اور کئی مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔