ٹویٹر کا نام تبدیل کرنے پر مقدمہ درج

Oct 05, 2023 | 15:54:PM
ٹویٹر کا نام تبدیل کرنے پر مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )ایک اشتہاری کمپنی نے ٹوئٹر کا نام تبدیل کرنے پر ایلون مسک کی ایکس کارپوریشن کے خلاف امریکی فیڈرل کورٹ میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ایکس سوشل میڈیا (ایکس ایس ایم) نامی اشتہاری کمپنی کی جانب سے دائر مقدمے میں ایکس کارپوریشن پر غیر منصفانہ مسابقت اور ٹریڈ مارک چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے،ایکس ایس ایم نے اپنے مقدمے میں کہا ہے کہ وہ 2016 سے ایکس سوشل میڈیا کا رجسٹرڈ مارک استعمال کر رہی ہے،کمپنی کے مطابق ایکس ری برانڈ (ٹوئٹر کے نام میں تبدیلی) اور ایکس کے نشان کو استعمال کرنے پر اسے مالی نقصان کا سامنا ہوا ہے۔

قانونی ماہرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایکس ٹریڈ مارکس کی بھرمار کے باعث کسی بھی ایکس برانڈڈ کمپنی کے لیے دوسرے کے خلاف مقدمے میں کامیابی کا حصول بہت مشکل ہے،اب یہ ایلون مسک کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ہو یا کوئی کمپنی جیسے ایکس سوشل میڈیا۔

مگر یہ ممکنہ طور پر ایلون مسک کی کمپنی کے خلاف پہلا مقدمہ ضرور ہے جس کو مستقبل میں ایکس حرف کے استعمال پر متعدد مقدمات کا سامنا ہو سکتا ہے کیونکہ یہ حرف ٹیکنالوجی برانڈز میں بہت عام استعمال ہوتا ہے۔

درحقیقت مائیکرو سافٹ اور میٹا پلیٹ فارمز نے بھی ایکس کو اپنے ٹریڈ مارکس میں شامل کر رکھا ہے،ایکس سوشل میڈیا کی جانب سے عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ ایلون مسک کی کمپنی کو ایکس کے نام کے استعمال سے روکا جائے اور مالی نقصان کی تلافی کی جائے،اس مقدمے پر اب تک ایکس کارپوریشن کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔