نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانا عوامی ترقی و خوشحالی روکنا تھا: شہباز شریف

Oct 05, 2023 | 12:12:PM
 نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانا عوامی ترقی و خوشحالی روکنا تھا: شہباز شریف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے معاشرے میں زہر گھول دیا جبکہ نواز شریف عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے آرہے ہیں،ملکی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنے حلقے کے اندر کارکنوں سے خطاب کے دوران شہباز شریف  کا کہنا  تھا کہ پارٹی قائد نواز شریف انتقام لینے کیلئے وطن واپس نہیں آئیں گے بلکہ ان کی آمد کا مقصد عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں نواز شریف 20،20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں اس وقت کامیاب ہوئے جب بجلی نہیں تھی اور عوام بے روزگاری کا سامنا کر رہے تھے۔ ن لیگ نے 4سال میں لوڈ شیڈنگ بند کی،اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے اور ترقی کے سفر کا آغاز کریں گے جو رک گیا ہے، عوام اس روز نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں اور بتائیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی۔ 

یہ بھی پڑھیں: ڈالر سستا  ہو گیا،قیمت میں حیران کن کمی

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی نہیں تھی، 2018 میں جھرلو انتخابات اور دھاندلی کے نتیجے میں عوام ترقی و خوشحالی سے محروم ہوگئے، نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانا عوامی ترقی و خوشحالی روکنا تھا۔

دوسری جانب صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف سے لاہور اور پنجاب ٹریڈرز کے نمائندوں نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران ملکی مجموعی صورتحال ،معیشت کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 شہباز شریف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے،تاجروں نے سابق وزیراعظم کو درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا،تاجروں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے پر شہباز شریف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا،تاجروں نے شہباز شریف کی میثاق معیشت کی تجویز کی بھرپور تائید و حمایت کی۔