ملتان: محسن نقوی کا کچہری چوک میں واقع نادرا سنٹر24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان

May 07, 2024 | 23:51:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملتان کے کچہری چوک میں واقع نادرا سنٹرکو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی متحرک  ہو گئے، صبح لاہور سے کوئٹہ اور پھر رات کو ملتان آن پہنچے، لاہور میں ایف آئی اے میٹنگ کے بعد کوئٹہ میں اہم سیکیورٹی اجلاسوں کی صدارت کی، کوئٹہ میں صدر مملکت سے ملاقات کی اور سیکیورٹی اجلاس میں شرکت کی، رات کو ملتان نادرا سنٹر میں اچانک انٹری ماری، عوام کی شکایات سنی اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات بھی جاری کیے، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر داخلہ کا بڑا اعلان، بلوچ بھائیوں کے دل جیت لئے

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملتان کے کچہری چوک میں  نادرا سنٹر کا اچانک دورہ کیا،  جہاں عوام کی قطاریں لگی ہوئیں تھیں، اے سی بھی بند تھے، انتظار اور تاخیر معمول بن چکا ہے، شہریوں نے شکایات کی کہ ٹوکن کے حصول کے لیے 4 سے 5 گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نادرا آفس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کچہری چوک کے نادرا سنٹر کو بہتر مقام پر منتقل کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا۔

نادرا آفس آئے شہری نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ب فارم بنانے آیا ہوں، 4 گھنٹے ہو گئے، آپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، اللہ تعالٰی آپ کو اپنی حفاظت میں رکھے، آپ نے پہلے بھی کام کرکے دکھایا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں۔

شہری کی گفتگو سن کر محسن نقوی نے کہا کہ آپ کی دعائیں چاہیں، انشاللہ سسٹم کو بہتر بنائیں گے، آپ کی  آسانی کے لئے نادرا سنٹرز کے دورے کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی عوام کی سہولت اور ریلیف کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے ہوئے ہیں، ملتان کے نادرا آفس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے سے پہلے ان کی ہدایات اور حکم پر گارڈن ٹاؤن لاہور میں واقع پاسپورٹ آفس کو بھی عوام کے لئے 24 گھنٹے کھول دیا گیا ہے۔