وزیر خارجہ کی اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفادی سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفادی سے ملاقات کی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک اردن وزرائے خارجہ ملاقات ابوظہبی (یو اے ای) میں سر بنی یاس فورم کے 13 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ ملاقات میں سیاسی، اقتصادی اور موسمیاتی شعبوں سمیت کثیر الجہتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان نظریات کی یکسانیت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دوطرفہ مصروفیات کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور خلیجی خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان اور اردن کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے اور اقدار میں ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی فورموں بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی میں بھی قریبی تعاون ہے۔