راجہ شوکت بھٹی کا پارلیمانی سیکرٹری اسامہ لغاری کے خلاف تحریکِ استحقاق لانے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن راجہ شوکت بھٹی نے پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ لغاری کے خلاف تحریکِ استحقاق لانے کا اعلان کر دیا۔
راجہ شوکت بھٹی نے سپیکر کو گوجر خان کے علاقے جھونگل میں قائم زراعت آفس کی تازہ تصاویر بھی پیش کیں اور مؤقف اختیار کیا کہ آفس اور اس کی عمارت ویران پڑی ہے جہاں نہ عملہ موجود ہے اور نہ ہی عوام کو کوئی سہولیات میسر ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ زراعت آفس کی عمارت پر غیر متعلقہ افراد نے قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں جانور باندھے گئے ہیں جو سرکاری املاک کے غلط استعمال کی نشاندہی کرتا ہے۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری اسامہ لغاری نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گوجرہ زراعت آفس فعال ہے اور زراعت آفیسر سمیت فیلڈ سٹاف مختلف دیہات میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہے۔
راجہ شوکت بھٹی نے اس بیان کو غلط بیانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان کے ساتھ ناانصافی ہے، لہٰذا اسامہ لغاری کے خلاف تحریکِ استحقاق بنتی ہے۔
ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے معاملہ مزید کارروائی کے لیے استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا۔
اجلاس کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نےکہاکہ تھریشر سے ماحولیات کو آلودہ کرتے ہیں،ہماری تھریشر 1965سے آگے نہیں جا رہے،انہوں نے کہا کہ تھریشر ٹیکنالوجی میں بہتری نہیں آ سکی اور اس کے باعث ماحولیات متاثر ہو رہی ہے، اس لیے تھریشر کے سامنے فلٹر لگانے جیسے اقدامات کیے جائیں۔
اس پر اسامہ لغاری نے بتایا کہ فصلوں کی کٹائی کے لیے تھریشر کے ساتھ چوپر مشینوں کا استعمال بھی متعارف کروایا گیا ہے جس سے آلودگی میں کمی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عید الاضحیٰ 2026: کتنے دن کی چھٹیاں ملیں گی؟ بڑی خبر آ گئی