انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو کا انعقاد ، اکیڈمیا اور صنعت کے اشتراک پر زور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد میں انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس میں اکیڈمیا اور صنعت کے اشتراک پر زور دیا گیا۔
6واں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو (ISCE) 2026 اسلام آباد تیسرے روز میں داخل ہو گیا، اس میگا ایونٹ میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے طلبہ، ماہرین تعلیم اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ایونٹ کے دوران طلبہ کے مابین مختلف مقابلے، ورکشاپس، انڈور گیمز اور ایک وسیع صنعتی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس نے شرکاء کو سیکھنے، روابط بڑھانے اور جدت کے مواقع فراہم کئے۔
تعلیمی و صنعتی نمائش کی تقریب فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں علمی و صنعتی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی،کوارڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، دیگر معزز شرکاء میں مختلف سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز، بشمول پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید لغاری اور پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد معروف ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی سمیت اعلیٰ حکام، ماہرین تعلیم، صنعتکار اور کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے ایجوکیشنل اور انڈسڑیل ایکسپو کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے محمد مرتضیٰ نور بانی انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں سیکھنے، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی و صنعتی شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
ایونٹ کے دوران ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس میں نامور ماہرین تعلیم اور صنعتکاروں نے پاکستان کو اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی مرکز کے طور پر اجاگر کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایکسپو میں فوڈ اسٹالز، طلبہ کے جدید پراجیکٹس اور اختراعی آئیڈیاز بھی پیش کیے گئے، جو نوجوانوں کی صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کا عملی مظہر تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد مرتضیٰ نور نے قومی ترقی اور جدت کے فروغ کے لیے اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط اور اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔