پاکستان کے امن کا عزم ، خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا،آرمی چیف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ بیرونی پشت پناہی سے چلنے والی دہشتگردی بلوچستان کے امن کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بلوچ شناخت کے نام پر دہشتگردی پھیلانے والے عناصر بلوچ قوم کی بدنامی کا سبب ہیں،پاکستان کے امن کا عزم برقرار، لیکن خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی،ورکشاپ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افرادنے بھرپور شرکت کی،ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی قیادت کو قومی و صوبائی امور سے روشناس کرانا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی پر مسلسل توجہ دے رہی ہے،بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،بلوچ نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے پر سول سوسائٹی کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
پاک فوج کے سپہ سالارنے کہاکہ بیرونی پشت پناہی سے چلنے والی دہشتگردی بلوچستان کے امن کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بلوچ شناخت کے نام پر دہشتگردی پھیلانے والے عناصر بلوچ قوم کی بدنامی کا سبب ہیں،پاکستان کے امن کا عزم برقرار، لیکن خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،آرمی چیف کا کہناتھا کہ دہشتگردی کو پوری قوم کے اتحاد سے ہی شکست دی جا سکتی ہے، پاکستانی افواج اور ادارے عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کااختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔