کافی موذی مرض کے خلاف مفید قرار دے دی گئی

Jun 05, 2026 | 19:22:PM
کافی موذی مرض کے خلاف مفید قرار دے دی گئی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز )معقول مقدار میں کافی کا استعمال گردوں کی بیماری میں مبتلا افراد کے علاج کے لیے مفید قرار دے دی گئی ہے ۔

2018 میں طبی جریدے Nephrology Dialysis Transplantation میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں امریکہ کے 4,860 سے زائد دائمی گردوں کی بیماری (CKD) میں مبتلا بالغ افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں شرکاء کو روزانہ کیفین کے استعمال کی بنیاد پر چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلا گروپ روزانہ 28.2 ملی گرام سے کم کیفین استعمال کرتا تھا، جو ایک کپ بلیک کافی کے ایک تہائی سے بھی کم کے برابر ہے۔ دوسرے گروپ میں 28.2 سے 103 ملی گرام، تیسرے میں 103 سے 213.5 ملی گرام جبکہ چوتھے گروپ میں 213.5 ملی گرام سے زیادہ کیفین استعمال کرنے والے افراد شامل تھے، جو تقریباً دو یا اس سے زیادہ کپ کافی کے مساوی ہے۔

پانچ سالہ فالو اپ کے دوران تقریباً 1,280 شرکاء کا انتقال ہوا۔ محققین نے دیگر مؤثر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پایا کہ کم ترین مقدار میں کیفین استعمال کرنے والے افراد کے مقابلے میں زیادہ کیفین استعمال کرنے والے تینوں گروپوں میں موت کا خطرہ نمایاں طور پر کم تھا۔ یہ کمی 22 سے 26 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔

امریکا کی نیشنل کڈنی فاؤنڈیشن کے مطابق کیفین پیشاب کی مقدار میں اضافہ کر سکتی ہے، جس سے گردوں اور پیشاب کی نالی میں پتھری بنانے والے معدنیات کے جمع ہونے اور کرسٹل بننے کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔

صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ Verywell Health کے مطابق بعض تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ باقاعدگی سے کافی پینے والے افراد میں گردے کی پتھری کا خطرہ نسبتاً کم ہو سکتا ہے۔ تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ زیادہ مقدار میں کافی پینا فائدہ مند ہے۔

ماہرین کی سفارش ہے کہ صحت مند بالغ افراد روزانہ کیفین کی مقدار تقریباً 400 ملی گرام تک محدود رکھیں، جو عام طور پر تین سے چار معیاری کپ کافی کے برابر ہوتی ہے۔ کیفین کا ضرورت سے زیادہ استعمال بے خوابی، بے چینی، گھبراہٹ اور دل کی دھڑکن کے تیز یا بے ترتیب ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔ بعض حساس افراد میں یہ عارضی طور پر بلڈ پریشر میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔

ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ کافی میں زیادہ چینی، گاڑھا دودھ، ہیوی کریم (ملائی) یا میٹھے فلیورڈ سیرپس شامل کرنے سے اضافی کیلوریز اور شکر جسم میں داخل ہوتی ہے، جو صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

گردوں کی بیماری، ہائی بلڈ پریشر یا دیگر طبی مسائل میں مبتلا افراد کو کیفین کے استعمال کے حوالے سے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :سڑکوں پر خطرناک صورتحال،5 ماہ، 6 روز میں 445 قیمتی جانیں ضائع