ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )نے آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان اورسیالکوٹ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر،سوات، صوابی، کالام، منگورہ،مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامیر، گھانچے، استور،شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہاکہ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ہے،شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے،بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے، شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قراردیدی گئیں۔
شگر ویلی روڈ، سکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے، ممکنہ طور پر متاثر ہ شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ،سکردو روڈشامل ہیں،کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفر ی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
یہ بھی پڑھیں:اڈیالہ جیل سے علاج کیلئے لایا گیا قیدی ہسپتال سے فرار