عمان کی وضاحت کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی، منیٰ الفحل بندرگاہ معمول کے مطابق فعال
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہ ، جس کی بڑی وجہ عمان کی جانب سے منیٰ الفحل آئل ٹرمینل کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہنے کی تصدیق بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ خام تیل 24 سینٹ کمی کے بعد 94.79 ڈالر فی بیرل پر آ گیا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 56 سینٹ گر کر 92.48 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔
اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ عمان کے منیٰ الفحل ٹرمینل کے قریب دھماکے کے بعد تیل کی لوڈنگ معطل کر دی گئی ہے، تاہم عمان کی سرکاری کمپنی پیٹرولیم ڈیولپمنٹ عمان (PDO) نے وضاحت کی کہ بندرگاہ پر تمام آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کا بڑا انتباہ!
رپورٹ کے مطابق منیٰ الفحل ٹرمینل سے روزانہ 8 سے 9 لاکھ بیرل خام تیل برآمد کیا جاتا ہے، اس لیے کسی بھی رکاوٹ کی خبر نے عالمی منڈی میں تشویش پیدا کر دی تھی۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی نئی تجویز مسترد کیے جانے اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات میں سست پیش رفت نے تیل مارکیٹ کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی ذخائر میں کمی اور آبنائے ہرمز میں محدود بحری آمدورفت کے باعث تیل کی قیمتوں میں آنے والے مہینوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔