بھارت میں مسلمانوں پر مظالم سے متعلق او آئی سی کے مذمتی بیان پر دفتر خارجہ کا ردِ عمل

Apr 05, 2023 | 14:35:PM
بھارت میں مسلمانوں پر مظالم سے متعلق او آئی سی کے مذمتی بیان پر دفتر خارجہ کا ردِ عمل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا بھارت میں مسلمانوں پر مظالم پر او آئی سی کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفننگ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت میں مسلمانوں پر مظالم پر او آئی سی کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہیں ،بھارت کی 9  ریاستوں میں مسلمانوں پر بدترین مظالم کیے جارہے ہیں، بھارت میں 4 ہزار سے زائد مرتبہ اسلامی کتب اور قرآن پاک کو نذرِ آتش کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام متحدہ کے حکام کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہندوستان میں مسلمانوں کیخلاف ہندتوا کے نفرت انگیز مظالم، او آئی سی کی شدید مذمت

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا بیان سفارتی محاذ پر پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے، پاکستان کے خلاف الزام تراشی کرتے ہوئے بھارتی رہنما اپنے ملک کے سماجی ڈھانچے کو نظرانداز کر دیتے ہیں جو ہندوتوا کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستانی قیادت کے بارے میں ہرزہ سرائی ان کی بے بسی کا ثبوت ہے ، پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے بارے میں بھارتی خط کا جواب دیا ہے ، پاکستان سندھ طاس معاہدہ پر عمل درآمد کا عزم کیے ہوئے ہے۔

 پاک ایران سرحد پر فائرنگ کے واقعے پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے دیئے گئے بیان کے مطابق پاکستان اور ایران کی حکومتیں اس معاملے پر رابطے میں ہیں، فائرنگ کے واقعے پر ایرانی حکومت سے ہر سطح پر رابطہ کیا گیا ہے، ایرانی سفیر کو طلب کیا گیا یا نہیں؟ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح جواب دینے سے گریز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی قابض فورسز نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا، متعدد نمازی زخمی

یونان میں حالیہ گرفتاریوں سے متعلق علم ظاہر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عزم کررکھا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف  جنگ جاری رکھیں گے اور دہشتگردی میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ 26 مارچ کو ڈھاکہ میں پاکستانی سفارتخانے نے بنگلہ دیش کے قومی دن پر مبارکباد کا پیغام دیا۔