مرغ کبابی گھر پر بنانے کی بہترین ترکیب

Nov 04, 2025 | 12:53:PM
مرغ کبابی گھر پر بنانے کی بہترین ترکیب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) کباب ہر عمر کے افراد  کی پسندیدہ ڈش جسے اکثر گھروں میں بھی بنایا جاتا ہے ،  آج ہم آپ کو  مرغ کبابی بنانے کی آسان  ترکیب بتاتے ہیں، جسے بنا کر آپ پراٹھوں اور پیاز کے لچھوں کے ساتھ لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

مرغ کبابی بنانے کیلئے درکار اجزا:
 چکن ایک کلو، لہسن پسا ہوا 2 بڑے چمچے، نمک حسب ِ ذائقہ، پیاز 2 سے3عدد درمیانی، دہی ڈیڑھ پیالی، لال مرچ پسی ہوئی ایک بڑا چمچہ، سفیدہ زیرہ ایک بڑا چمچہ، گرم مسالہ پسا ہوا ایک بڑا چمچہ، زردے کا رنگ ایک چٹکی، تیل4؍ بڑے چمچے۔

بنانے کا طریقہ:
 سب سے پہلے چکن کے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور صاف دھو کر چھلنی میں خشک کرنے کے لئے رکھ دیں، پیاز کو موٹی کاٹ لیں اور بلینڈر میں ڈال کر باریک پیس لیں، پسی ہوئی پیاز کو ایک پیالی دہی میں ملائیں اور اس میں زردے کا رنگ، پسا ہوا لہسن، نمک، لال مرچ، زیرہ اور گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔

چکن کے ٹکڑوں کو مصالے کے آمیزے سے میرینیٹ کرکے دو سے تین گھنٹوں کے لئے رکھ دیں پھر اس میں2 بڑے چمچے تیل ڈال کر ملائیں اور پین میں ڈال کر درمیانی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔5؍ سے 7 منٹ بعد آنچ ہلکی کرکے اتنی دیر پکائیں کہ دہی کا پانی خشک ہوجائے پھر چولہے سے اتار لیں۔

 چولہے پر ایک چھوٹا سا کوئلے کا ٹکڑا رکھ کر دہکا لیں، آدھی پیالی دہی کو پھینٹ کر چکن پر ڈالیں اور اس پر دہکتا ہوا کوئلہ رکھ دیں، آخر میں 2 بڑے چمچے تیل ڈال کر ڈھانک دیں، 10 منٹ بعد کوئلہ نکال کر دوبارہ پکنے رکھ دیں، ہلکی آنچ پر 5 سے 7منٹ دَم پر رکھ کر اتار لیں، اس مزیدار کبابی مرغ کا پراٹھوں اور پیاز کے لچھوں کے ساتھ لطف اٹھائیں۔