ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ مودی کے لیے واضح پیغام ہے؛رانا ثناء اللہ

فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، رانا ثناء اللہ کا صحافیوں کو خراجِ تحسین، بھارت کو دوٹوک پیغام

May 03, 2025 | 21:48:PM
ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ مودی کے لیے واضح پیغام ہے؛رانا ثناء اللہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیر میں مظالم کو جواز دینے کے لیے جھوٹے واقعات کا سہارا لیتا ہے، آج ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ مودی کے لیے واضح پیغام ہے۔ 

 فیصل آباد میں پوسٹ گریجویٹ کالج سدھار سمیت متعدد ترقیاتی منصوبہ جات کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کا انعقاد مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر میاں محمد اجمل آصف کی جانب سے کیا گیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم پاکستان کے مشیر رانا ثناء اللہ خان تھے جنہوں نے منصوبوں کا افتتاح کیا،تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز حبیب اللہ نے خصوصی شرکت کی  جب کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود رہی۔

یومِ آزادی صحافت پر اظہارِ خیال:
رانا ثناء اللہ نے 3 مئی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہم صحافت پر صرف یقین نہیں رکھتے، ہم صحافت پر ایمان رکھتے ہیں۔ جمہوریت اور آزادیِ صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے،انہوں نے تمام صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں سے مکالمے کے لیے تیار ہے اور اگر صحافت سے متعلق قوانین میں کوئی ترامیم درکار ہوں تو وہ گفت و شنید کے ذریعے ممکن بنائی جا سکتی ہیں۔

اپنے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے سیاسی مخالفین پر تنقید بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسی جماعت نے سیاست میں بدتمیزی کا کلچر متعارف کرایا ہے  جنہوں نے گالی گلوچ کو اپنی پہچان بنا لیا ہے،یہ کلچر پہلے حکومت میں رہتے ہوئے بھی موجود تھا اور اب اپوزیشن میں آ کر بھی جاری ہے،انہوں نے واضح کیا کہ گالی گلوچ کے کلچر کی روک تھام کے لیے کچھ قوانین بنائے گئے تھے  جو صحافیوں کو بھی ناپسند آئے  لیکن اس کی بنیادی وجہ یہی غیر سنجیدہ رویہ ہے۔

 رانا ثناء اللہ نے بھارت کی جانب سے مبینہ سازشوں پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہاہندوستان کشمیر میں مظالم کو جواز دینے کے لیے جھوٹے واقعات کا سہارا لیتا ہے، آج ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ مودی کے لیے واضح پیغام ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مودی اور بھارت کو بخوبی معلوم ہے کہ ہم اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں، مودی کو یہی کہنا چاہوںگا کہ ابدالی میزائل ایٹمی ہتھیار لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور اگر پاکستان پر حملہ کیا گیا تو ہم منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ پاکستان کی افواج اور اس کے سپاہ سالار وطن کی سالمیت پر مر مٹنے کا جذبہ رکھتے ہیں، قوم کو مکمل اطمینان ہونا چاہیے۔