ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور

May 02, 2023 | 19:18:PM
ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات سے متعلق خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک قومی اسمبلی سے منظور کرلی گئی۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات سے متعلق خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک یو آئی (ف) کی رکن شاہدہ آختر علی نے پیش کی۔ شاہدہ اختر علی نے کہا کہ یہ کمیٹی ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات کرے اور خصوصی کمیٹی تشکیل دے، ایوان آپ کو اختیار دیتا ہے کہ آپ کمیٹی میں ارکان کو شامل کریں۔

قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے اعظم کی گردنیں لینے کا رواج ختم ہونا چاہیے، ایک ادارہ کوشش کررہا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت پوری نہ ہو، ہمارے سامنے والے ادارے نے ہمارے اجلاس کی کارروائی کا ریکارڈ مانگا ہے، سپریم کورٹ کو لکھیں کہ وہ اپنی کارروائی بھیجیں، اسپیکر صاحب، آپ بھی سپریم کورٹ سے کارروائی کے منٹس مانگیں،آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ سپریم کورٹ پنچایتیں لگوائے۔

 خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ آئین سے ماورا کچھ نہیں ہوگا، ہم نے بہت حساب دئیے، ہمیں بھی حساب دیا جائے، عوام نے لاکھوں ووٹ دے کر ہمیں پارلیمنٹ بھیجا، ہدایات دینا سپریم کورٹ کا کام نہیں، پارلیمان کی گردن لی گئی، اس کا خون ہوا، کوئی حساب دے گا؟۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف کوآئین میں ترمیم کا حق تک دے دیا گیا، سپریم کورٹ اپنا ماضی صاف کرنے کیلئے کیا کرے گا؟ میثاق جمہوریت کے بعد پارلیمان نے اپنی مدت پوری کی، پارلیمان آئین کا تحفظ کرے گا، آئین سے ماورا کوئی چیز نہیں ہوگی، ہماری تنخواہ 1 لاکھ68 ہزار تنخواہ ہے، ان کی کتنی ہے؟ ہمیں اپنے وزیراعظم کا دفاع کرنا چاہیے چاہے وہ کسی بھی جماعت سے ہو۔