آسام کے وزیراعلیٰ کے بیانات پر بنگلہ دیش کا احتجاج، بھارتی سفارتکار طلب

May 01, 2026 | 10:03:AM
آسام کے وزیراعلیٰ کے بیانات پر بنگلہ دیش کا احتجاج، بھارتی سفارتکار طلب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )بنگلہ دیش نے بھارت کے قائم مقام ہائی کمشنر پون بدھے کو طلب کر کے آسام کے وزیراعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کے متنازع بیانات پر شدید احتجاج ریکارڈ کرا دیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

 بنگلہ دیشی حکام کے مطابق وزارتِ خارجہ نے بھارتی سفارتکار کو طلب کر کے حکومت کی جانب سے سخت ناراضی کا اظہار کیا اور ان بیانات کو توہین آمیز اور دوطرفہ تعلقات کے منافی قرار دیا۔ اس موقع پر جنوبی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل عشرت جہاں نے باضابطہ طور پر بنگلہ دیش کا مؤقف پیش کیا۔

یہ تنازع اس وقت پیدا ہوا جب آسام کے وزیراعلیٰ نے ایک بھارتی میڈیا انٹرویو میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مبینہ طور پر غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کی آسام سے بے دخلی کا ذکر کرتے ہوئے ایسے الفاظ استعمال کیے گئے جنہیں ڈھاکا نے اشتعال انگیز قرار دیا۔

 یہ بھی پؑڑھیں:توانائی بحران میں کمی؟پاکستان کو بڑا ریلیف مل گیا

بنگلہ دیشی حکام نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے بیانات دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور مثبت روابط کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، حکومت نے نئی دہلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ سرکاری شخصیات کے بیانات دوطرفہ تعلقات پر منفی اثر نہ ڈالیں۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک سرحدی انتظام، ہجرت اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف امور پر رابطے میں ہیں، تاہم حالیہ صورتحال نے علاقائی سفارت کاری میں نئی پیچیدگیاں پیدا کر دی ہیں۔