بلوچستان میں کامیاب کارروائی ، صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی )بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے تک جاری رہیں گی،فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان جیسے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں،دہشت گردی کے خلاف “عزمِ استحکام” کے تحت جاری کارروائیاں پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے تک جاری رہیں گی۔
صدرِ مملکت نےمزیدکہاکہ ملک میں پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی قابلِ تعریف ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے ہرنائی اور پنچگورمیں 41 خارجی جہنم واصل کرنے پر فورسز کو سراہاہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، 41 دہشت گرد ہلاک
انہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 41 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا،آپریشنز میں حصہ لینے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے مزیدکہاکہ سکیورٹی فورسز نے 41 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا،بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔