عوام عمران حکومت سے نجات کیلئے میرا ساتھ دیں: بلاول بھٹو 

Aug 29, 2021 | 19:28:PM
عوام عمران حکومت سے نجات کیلئے میرا ساتھ دیں: بلاول بھٹو 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سلیکٹڈ، نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف آپ سب میرا ساتھ دیں ،پاکستان کے عوام کو تحریک انصاف کی حکومت سے نجات دلانی ہے ۔
خیرپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ خان صاحب نے عوام کو مہنگائی کے عذاب میں ڈبودیا ہے،خان صاحب عوام کی تباہی پر اپنے 3 سالہ اقتدار کا جشن منا رہے ہیں ، خان صاحب نے ہر صوبے کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے ،جب ایک صوبے سے ناانصافی ہوتی ہے تو پورے پاکستان سے ناانصافی ہوتی ہے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ عمران خان آپ کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں ،سلیکٹڈ، نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف آپ سب میرا ساتھ دیں ،پاکستان کے عوام کو تحریک انصاف کی حکومت سے نجات دلانی ہے ۔
ان کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی عوام کے حقوق دلانے والی جماعت ہے ،بے روزگاری، غربت عروج پر پہنچ چکی ہے ،نااہل حکومت اپنی 3 سالہ تباہی کا جشن منا رہی ہے ،عمران خان نے سٹیل ملز کے 10 ہزار ملازمین کو بے روزگار کردیا، ہر صوبے میں پبلک سروس کمیشن کام کررہا ہے ، سندھ پبلک سروس کمیشن پر تالا ڈالا ہوا ہے ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان بتائیں عوام کو روزگار دینے کیلئے کیا کررہے ہیں ، پارلیمان سپریم ادارہ ہے، کوئی پارلیمان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، عدلیہ سے عجیب فیصلہ آیا ہے جس کے خلاف ہم اپیل کریں گے،16 ہزار خاندانوں کو بے روزگار کردیا گیاہے،عمران خان کی حکومت نے 3 سال میں 3 کروڑ افراد کو بیروزگارکردیا،سندھ کے نوجوان سے روزگار چھینا گیا،پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوان بھی روزگار کیلئے رو رہے ہیں ، بیروزگاری اور مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ خان صاحب سندھ کے پانی کے حق پر بھی ڈاکا ڈال رہے ہیں ،ارسا جس طرح پانی کا نظام چلا رہا ہے تاریخ میں ایسا نہیں ہوا،اگرآپ ہمارے پانی پر ڈاکا ڈالیں گے تو تھرکے بچے پیاسے مریں گے،پانی منصفانہ طریقے سے بانٹا جائے ورنہ پیپلزپارٹی کے احتجاج کا اعلان نثار کھوڑو کروا چکے ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جب پیپلزپارٹی کے جیالے نکلتے ہیں تو اپنے حقوق چھین کر واپس آتے ہیں ،خان صاحب 18 ویں ترمیم سمیت صوبوں کے حقوق پر ڈاکے ڈال رہے ہیں ،جن صوبوں سے گیس پیدا ہوتی ہے ان کا گیس پر پہلا حق ہوتا ہے ،ہمیں ہمارا آئینی حق دو اس کے بعد جن مرضی علاقوں کو گیس دو،ہمارے صوبے کی گیس پورے ملک کو دی جا رہی ہے ،ہمارے لوگوں کو گیس نہ دی جائے یہ ناانصافی ہم برداشت نہیں کریں گے ،پاکستان کو بچانے کیلئے ملک بھر میں جیالوں کو جگانا ہوگا۔