استعفا استعفا کھیل لیا اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے: فواد چودھری

Mar 27, 2021 | 15:13:PM
استعفا استعفا کھیل لیا اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے: فواد چودھری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نیب مریم نواز کو ویسے ہی ٹریٹ کرے جیسے دیگر ملزموں کو کرتا ہے، سینٹ الیکشن کے بعد سے ن لیگ والوں کا منہ بنا ہوا ہے، اگر انتخابی اصلاحات ہو جاتیں تو سینٹ الیکشن مذاق نہیں بنتا، استعفا استعفا کھیل لیا اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پیر سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفواد چودھری نے  کہا کہ اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کی بات مانتی تو آج ان کا مذاق نہ بنتا، ہم نے دو ڈھائی سال استعفا استعفا کھیل لیا آب آگے چلیں، الیکشن اصلاحات سے متعلق ن لیگ نے ہماری بات مانی ہوتی توآج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن  ایک بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن آج کل بچوں کو دی ہوئی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو عمران فوبیا سے نکل کر اپنی خامیوں پر توجہ ڈالنی چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ جب بھی ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو یہ حکومت کو کمزور سمجھتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہمارے پاس نوکریاں نہیں دوسری جانب لوگ نہیں جنہیں نوکریاں دے سکیں۔فواد چودھری نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ پارلیمانی پارٹی سے کہتا ہوں مریم نواز کی سیاست آپ کو کہیں نہیں لے جائے گی، نواز شریف سے اور کوئی امید نہیں لندن کے ریستورانوں پر کتاب ہی لکھ دیں۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کا ختم ہونا پاکستان کے مفاد میں نہیں، ن لیگ کا سینٹرل پنجاب کے باہر کوئی اثر و رسوخ نہیں رہا۔ قومی جماعتوں کا ختم ہونا پاکستان کے مفاد میں نہیں، آئیں انتخابی اصلاحات کی طرف بڑھتے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ الیکشن کا جس طرح مذاق بنا سب کے سامنے ہے، چیئرمین نیب جاوید اقبال کے آنے کے بعد نیب کا ادارہ بحال ہوا ہے۔